نوازشریف دور میں ملک ترقی کر رہا تھا، اچانک اناڑی کو مسلط کر دیا: احسن اقبال 

لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ملکی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ملکی برآمدات کو تیس ارب ڈالر سے بڑھا کر سو ارب ڈالر تک لے کر جانا ہے۔ زراعت کے شعبے سے اربوں ڈالرز کی برآمدات کو فروغ دے کر کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں ایک نئے زرعی انقلاب کی بنیاد رکھنے جارہے ہیں۔ ارشد ندیم نے ثابت کیا کامیابی کا وسائل سے تعلق نہیں ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ایکسپو سینٹر جوہر ٹائون میں 16ویں فوڈ ایشیا انٹرنیشنل تجارتی میلہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہماری انڈسٹری اپنی مصنوعات کی کوالٹی کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق ڈھالے اور اس کیلئے میڈ ان پاکستان مصنوعات کو بین الاقوامی برانڈز کے طور پر فروغ دینا ہو گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں ایسے چلنا ہے جیسے ارشد ندیم پاکستان کے پرچم کو بلند کرکے وطن واپس لوٹا ہے۔ دھرنے، لانگ مارچ اور انتشار کی سیاست نے ہمیں مشکل میں ڈالا اور اگر آئندہ پانچ سال ہمیں امن اور استحکام سے ملیں گے تو اگلا پاکستان مستحکم پاکستان ہوگا۔ ہم میں اگر کمی رہی ہے تو اس کی بنیادی وجہ سیاسی سمیت پالیسی عدم استحکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء سے 2018ء کے درمیان محمد نواز شریف کے دور میںپاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا لیکن اچانک ان کے اقتدار کو ختم کر کے ایک اناڑی کو پاکستان پر مسلط کردیا گیا جس کے آنے سے ملک کی ترقی رک گئی۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ایک دوسرے کو چور ڈاکو کہنے کی بجائے پاکستانی بن کر کام کریں۔ عوام کو بجلی کے بلوں میں اضافے کا مسئلہ درپیش ہے جو ہمیں ورثے میں ملا ہے مگر قوم کو اس بحران سے بھی جلد نکال لیں گے۔

ای پیپر دی نیشن