لاہور (نوائے وقت رپور) اپنے سفر کے پہلے دن راولپنڈی سے روانگی کے بعد 'آزادی فلوٹ' نے اپنا پہلا پڑاؤ گوجر خان میں کیا جہاں پہنچنے پر اس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ڈھول کی تھاپ اور ملی نغموں کی دھنوں میں فلوٹ کو خوش آمدید کہنے کیلئے شہریوں کی کثیر تعداد جنرل بس سٹینڈ پر موجود تھی جہاں رنگ رنگا تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر گھوڑوں کا رقص بھی پیش کیا گیا۔ مہمان خصوصی سابق ایم این اے راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز ملکی یکجہتی کی توانا آواز بن کر ابھری ہیں کیونکہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اہم عمارتوں کے ماڈل اس فلوٹ میں شامل کئے گے ہیں۔ آزادی فلوٹ کے ذریعہ عوام کو محبت اور بھائی چارے کا درس دیا گیا ہے اور پورے پنجاب میں یہ پیغام پھیلایا جا رہا ہے۔ راجہ جاوید اخلاص نے کہا جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی ہے ملک کے مسائل حل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز کا سامنا کرنا اور ملک کو مشکلات سے نکالنا مسلم لیگ ن کی تاریخ ہے اور یہ کارنامہ ہم ایک بار پھر سر انجام دیں گے۔ تقریب میں مقامی لوک گلوکاروں نے ملی نغمے پیش کئے۔