راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے 77ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم، افواجِ پاکستان اور ساری دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کو مبارک دیتے ہوئے کہا ہے وطنِ عزیز پاکستان عظیم نعمتِ خداوندی و عطائے مصطفوی ہے اور وطن کی محبت انبیا علیہ السلام کی سنت اور نیک طینت افراد کا شعار ہے۔ مدینہ منورہ کا صدقہ مدینہ منورہ کے بعد دنیا میں اسلام اور مسلمانوں کے لئے دوسری آزاد اسلامی مملکت پاکستان ہے۔ حالات جس قدر بھی پیچیدہ ہوں، شیطانی اور طاغوتی قوتیں جتنی مرضی سازشیں کر لیں وطن عزیز ان تمام حالات سے ربِ رحمان کے کرم اور حضور نبی کریم کے تصدق سے نکلے گا اور انشا اللہ الرحمن دنیا کی عظیم قوموں کی صف میں شامل ہو گا۔ اس قدر مسائل کے باوجود وطنِ عزیز ایٹمی قوت بن گیا ہے تو آئندہ بھی عروج و کمال کی تمام منازل طے کریگا کیونکہ اللہ کریم کی رحمت سے نا امیدی نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ مبارک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پرپیر محمد نقیب الرحمن نے وطن ِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کی۔
وطنِ عزیز عظیم نعمتِ خداوندی و عطائے مصطفوی ہے،پیر محمدنقیب الرحمن
Aug 12, 2024