فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مبینہ ذہنی مریض نے بیوی بچوں کو یرغمال بنا لیا۔ پولیس کی 9 گھنٹے جد وجہد کے بعد ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چک جھمرہ کے علاقہ 118 ر ب میں ملزم ابرار نے اسلحہ کے زور پر بیوی‘ دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کو گھر کے کمرے میں یرغمال بنا لیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر گھر کا گھیراؤ کر لیا جس پر ملزم کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔ ابتدائی طور پر پولیس نے بات چیت کے ذریعے دو بچوں کو بازیاب کروایا‘ مبینہ ذہنی مریض ملزم نے کہا کہ کسی نے دروازہ توڑنے کی کوشش کی تو گولی مار دوں گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم ابرار آئس نشے کا بھی عادی ہے۔ دو سال قبل بھی بیوی بچوں کو گھر میں یرغمال بنایا جبکہ دو روز قبل ملزم میکے سے بیوی کو منا کر گھر لایا۔ پولیس کے مطابق 9 گھنٹے طویل کوششوں کے بعد کمانڈو آپریشن کے ذریعے ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ بھی قبضہ میں لے لیا۔
جھمرہ: ذہنی مریض نے بیوی بچے یرغمال بنا لئے‘ پولیس کارروائی‘ 9 گھنٹے بعد بازیاب
Aug 12, 2024