لاہور+ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ خبر نگار) وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان نے کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے حکومت نجی اداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، چین اور پاکستان مختلف مصنوعات میں ایک دوسرے کیلئے بڑی مارکیٹ ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں 9ویں فٹ ویئر شو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف ملکی و غیر ملکی سٹالز دیکھے۔ وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کیلئے حکومت نجی اداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ لیدر انڈسٹری، فٹ ویئر اور سپورٹس گڈز کی ایکسپورٹ میں بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مقابلے کی فضا، عالمی معیار اور جدید رحجانات کو سامنے رکھنا ہو گا۔ اپنے برانڈز کی احسن انداز میں تشہیر کریں اور بہتر سے بہتر امیج سامنے لائیں۔ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی وجہ سے سالانہ سو ارب روپے کا نقصان ہو رہا تھا اور اب تک 830ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ نجکاری سے سو ارب روپے سالانہ کی بچت ہو گی اور عالمی معیار کی ایئر لائن بھی مسافروں کو دستیاب ہو گی۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ چین اور پاکستان مختلف مصنوعات میں ایک دوسرے کیلئے بڑی مارکیٹ ثابت ہو سکتے ہیں، پاکستانی کمپنیوں اور چینی اداروں کی دو طرفہ شراکت اور سرمایہ کاری کا آغاز ہو چکا ہے، اس سلسلے میں1400کمپنیاں سرگرم عمل ہیں۔ دریں اثناء اس موقع پر بی ٹو بی اجلاسوں کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی اور چینی فٹ ویئر انٹرپرینیورز نے ایم او یوز پر دستخط کئے۔ اس موقع پر پاکستانی سرمایہ کاروں نے یقین دہانی کرائی کہ اگلے دس برسوں میں 10 ارب ڈالرز کی ایکسپورٹ کریں گے۔ اس موقع پر چینی وفد نے سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کیلئے لیز پر اراضی مختص کرنے کی اپیل کی، یہ زمین چینی کمپنیوں کو دفاتر، ویئر ہائوسز اور ورکرز کی رہائش کیلئے درکار ہے جبکہ یہ اراضی لیز پر دی جائے۔