مظفرآباد (نامہ نگار) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے چیئرمین سردار عثمان علی خان اور چیئرپرسن خواتین ونگ سمعیہ ساجد راجہ نے صدرمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان کی ہدایت پر جشن آزادی اور یوم نیلہ بٹ کی تقریبات کے سلسلہ میں یوتھ ونگ اور خواتین ونگ کے کارکنان وعہدیداران کو ذمہ داریاں سونپ دیں۔چیئرمین یوتھ ونگ نے مسلم کانفرنس یوتھ ونگ کے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ 14اگست یوم آزادی کی تقریبات میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں اور نیلہ بٹ کے جلسہ کی تیاریوں میں حصہ لیں اور ہرسال کی طرح امسال بھی یوم نیلہ بٹ کو شایان شان طریقے سے منائیں۔ چیئرپرسن خواتین ونگ سمعیہ ساجد راجہ نے خواتین ونگ کی کارکنا کو ہدایت کی ہے کہ وہ آزادکشمیر بھر میں یوم آزادی کے موقع پر تقریبات کاانعقاد کریں اور یوم نیلہ بٹ کے جلسہ میں بھرپور شرکت کریں۔چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان نے مزید کہا کہ یوم نیلہ بٹ تاریخی اہمیت کاحامل دن ہے اور اس کی اہمیت و افادیت کو کسی صورت فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ یوم نیلہ بٹ کی تحریک کے نتیجے میں ہی یہ خطہ آزاد ہوا اور آج ہم آزادی کی سانس لے رہے ہیں۔نیلہ بٹ سے چلنے والی تحریک آج بھی جاری ہے اور مقبو ضہ کشمیر کی عوام اس تحریک کوپائے تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں ۔وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی نعمت سے سرفراز ہونگے۔