پاکستانی یوتھ محنتی اور با صلاحیت ہیں:وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کی تقدیر بدلنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل یوتھ ڈے پر قومی ہیرو ارشد ندیم اور تمام نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جیولین تھرو مقابلے کے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر ثابت کیا ہے کہ پاکستانی یوتھ محنتی اور با صلاحیت ہیں. انہوں نے پیرس اولمپکس میں غیر معمولی کارکردگی دکھا کر نوجوانوں کو نیا جوش اور جذبہ دیا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی قوت ہیں اور یہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، پاکستانی نوجوانوں نے زندگی کے ہر شعبے میں خداداد صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں. یوتھ پر سرمایہ کاری خوشحال اور تابناک پاکستان پر سرمایہ کاری ہے، نوجوانوں کو آج جتنا بااختیار بنائیں گے، ہمارا کل اتنا ہی خوبصورت ہو گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کے لیے ایسے مساوی ماحول کو پروان چڑھانا ہے جہاں وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے حکومت کے ساتھ نجی شعبے کو آگے آنا ہوگا. انٹرنیشنل یوتھ ڈے پر نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے مزید موثر اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن