اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نائب وزیر خارجہ جان ڈی نیگرو پونٹے نے صدر آصف علی زرداری‘ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ ملاقاتوں میں امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کشیدگی کم کرنے کے لئے حکومت پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق جان نیگرو پونٹے کی صدر زرداری سے ملاقات میں ممبئی حملوں کے بعد پاک بھارت کشیدگی‘ بھارت کے الزامات اور حکومت پاکستان کے ردعمل سمیت خطے کی صورت حال اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ سلامتی کونسل کی طرف سے تین پاکستانیوں پر پابندیوں اور حکومت کی طرف سے عسکریت پسندوں کے خلاف جاری کریک ڈائون پر بھی بات کی گئی۔ پونٹے نے حکومت کے عسکریت پسندوں کے خلاف حالیہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ پونٹے نے کہا کہ پاکستان بھارت کشیدگی کا خاتمہ خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے لئے ضروری ہے۔ پونٹے نے امید ظاہر کی کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کو پورے عزم کے ساتھ جاری رکھے گا۔ صدر زرداری نے کہا کہ بھارت نے ابھی تک ممبئی حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے شواہد فراہم نہیں کئے۔ حکومت پاکستان ممبئی حملوں کی تحقیقات کے لئے بھارت سے ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور ایسے عناصر کے خلاف برسرپیکار ہے۔ صدر زرداری نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستانی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہو رہی۔ ہمیں بھارت کی جانب سے ٹھوس شواہد کا انتظار ہے‘ کسی پاکستانی کو بھارت کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔ پونٹے نے اقوام متحدہ کی طرف سے شہید بے نظیر بھٹو کو انسانی حقوق کا ایوارڈ ملنے پر صدر زرداری اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔ اس سے قبل امریکی نائب وزیر خارجہ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کی۔ پونٹے سے وزیر اعظم گیلانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری حکومت امریکہ کی نئی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے سمیت تمام شعبوں میں تعلقات مستحکم کرنے کی خواہشمند ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی کی طرف سے چند افراد پر پابندی لگانے کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی ہے۔ جاسوس طیاروں کے حملوں اور سرحدی حدود کی خلاف وزری پر پاکستانی عوام میں سخت تشویش پائی جارہی ہے‘ امریکہ سرحدی خلاف ورزیاں بند کرے۔ ملاقات کے دوران پونٹے نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کے کردار اور ممبئی واقعہ کی تحقیقات میں تعاون کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے پاکستان اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ نیگرو پونٹے نے مزید کہا کہ ممبئی دہشت گردی کے واقعہ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے تمام ممالک کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔ پونٹے آج بھارت جا رہے ہیں۔ ایوان صدر نے پونٹے کی صدر زرداری سے ملاقات کے بعد مختصر پریس ریلیز جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی نائب وزیر خارجہ نے صدر سے ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ادھر امریکی سفارت خانہ کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ پاکستانی قیادت سے علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کے لئے آتے ہیں۔ دفتر خارجہ کے پریس بیان کے مطابق زرداری کے ساتھ ملاقات کے موقع پر ممبئی میں دہشت گردی کی واردات‘ اس سے پیدا شدہ صورتحال‘ دوطرفہ تعاون اور انسداد دہشت گردی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المیعاد اور پائیدار تعلقات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط گہرے کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ممبئی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ پاکستان ان واقعات کی اپنے طور پر تحقیقات کر رہا ہے‘ اس ضمن میں مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔ معتبر ذرائع کے مطابق پونٹے نے صدر‘ وزیراعظم‘ وزیر خارجہ اور آرمی چیف سے ملاقاتوں میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جماعۃ الدعوۃ پر پابندی لگائے۔ پونٹے نے ممبئی کی دہشت گردی کی وارداتوں کے بعد پاکستانی اقدامات کی تعریف کی لیکن پاکستان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردوں سے پاک کرے اور سخت اقدامات کرے۔ پونٹے سے ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے ممبئی میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے اور جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے‘ خطے میں امن‘ استحکام اور ترقی کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان مستحکم‘ وسیع البنیاد اور طویل المیعاد تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے امریکی نائب وزیر خارجہ کو بتایا کہ پاکستان نے ممبئی میں دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے بھارت کی حکومت کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر امن اور استحکام کے فروغ کیلئے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے اہم کردار اور اس کی قربانیوں کو تسلیم کرتا ہے اور وہ اس حوالے سے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اقتصادی اور مالیاتی مسائل پرقابو پانے کے لئے پاکستان کی حمایت کے عزم کو بھی دہرایا۔