لاہور/ رائیونڈ (خبر نگار خصوصی + این این آئی+ نامہ نگار ) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ممبئی بم دھماکوں میں حکومت اور ایجنسی ملوث نہیں لہٰذا ہمیں شفاف تحقیقات کیلئے بھارت سے تعاون کرنا چاہئے‘ ملک کو صحیح ڈگر پر ڈالنے کیلئے ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں جس کیلئے ہمیں جمہوریت پر یقین رکھنے کے ساتھ عدلیہ کی آزادی پارلیمنٹ کی بالادستی قائم کرنا ہو گی۔ اندرونی خرابیوں کا ازخود سدباب کرنا ہو گا۔ بھارت کے ساتھ تعلقات برابری کی بنیاد پر قائم کرنے کا حامی ہوں جس کیلئے مسائل بیٹھ کر حل کرنا ہوں گے۔ 12 اکتوبر 1999ء کو جمہوری حکومت کا خاتمہ نہ کیا جاتا تو یہ طالبان ہوتے نہ القاعدہ‘ نہ نو گیارہ ہوتا نہ سیون سیون‘ اب بھی ہم عدلیہ کو آزاد‘ اداروں کو مضبوط بنا کر ملک کو صحیح رخ پر ڈال سکتے ہیں جس کے لئے چاہئے تو یہ تھا کہ حکومت اپوزیشن سے مشاورت کرتی‘ ہم اپنی ذمہ داری سمجھ کر صدر زرداری اور حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرا رہے ہیں۔ وہ عید کے روز رائیونڈ میں اخبار نویسوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ نوازشریف نے کہا کہ ایک قومی کانفرنس کافی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اس پر مشاورت کا سلسلہ روزانہ بنیاد پر ہونا چاہئے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں امریکہ کے خلاف نہیں مگر بش انتظامیہ کی پالیسیاں مجھے پاکستان کے مفاد میں نظر نہیں آتی تھیں‘ توقع ہے کہ آنے والی حکومت کی پالیسیاں پاکستان کے حق میں بہتر ہوں گی۔ این این آئی کے مطابق مسلم لیگ (ن) اوورسیز جاپان کے سینئر نائب صدر اور انٹرنیشنل ہیومن رائٹس (پاکستان) جاپان آل اوور دی ورلڈ کے چیئرمین رانا ابرار حسین نے میاں نوازشریف سے ملاقات کی اور ملکی و اوورسیز میں مسلم لیگ (ن) کو فعال کرنے اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر میاں نوازشریف نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے وفاقی حکومت کا ساتھ دیں گے اور پاکستان پر اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑ دیں گے۔ ایک ٹی وی انٹرویو اور صحافیوں سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا کہ ملک میں انصاف قائم کرنے کے لئے عوام کو خود اٹھنا ہو گا کیونکہ پاکستان میں انصاف فراہم کرنے والے ناانصاف ہیں۔ گورنر پنجاب سلمان تاثیر صوبے میں معاملات بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اٹلانٹک کونسل امریکہ کے وفد نے ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی اور بم دھماکوں کی وجہ ملک میں مارشل لاء ہے۔ انہوں نے ممبئی واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو ثبوت کی فراہمی کے بغیر الزام تراشی سے پرہیز کرنا چاہئے اس سے خطہ میں عدم استحکام پیدا ہو گا۔ نواز شریف نے کہا کہ امریکہ کو بھارت اور پاکستان سے مساوی رویہ اختیار کرے۔