سی آئی اے نے بدنامِ زمانہ سیکورٹی کمپنی بلیک واٹر کےساتھ خفیہ معاہدہ منسوخ کردیا

Dec 12, 2009 | 16:42

سفیر یاؤ جنگ
لندن (آن لائن +نمائندہ خصوصی) امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے بدنامِ زمانہ سیکورٹی کمپنی بلیک واٹر کے ساتھ خفیہ معاہدہ منسوخ کردیا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق خفیہ معاہدے کے تحت بلیک واٹر کو پاکستان اور افغانستان میں ڈرون طیاروں میں میزائل لوڈ کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا تھا تاہم سی آئی اے کے ڈائیریکٹر لیون پینٹانے رواں برس کے آغازمیں معاہدہ توڑ کر جاسوس طیاروں پر میزائل لوڈ کرنے کا کام امریکی ملازمین کے سپرد کردیا ہے جس کا اب انکشاف ہوا ہے۔ پاکستانی اور امریکی حکام اگرچہ بلیک واٹر کی پاکستان میں موجودگی کی تردید کرتے رہے ہیں لیکن برطانوی اخبار نے ایک سابق امریکی اہلکار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بلیک واٹر اپنی سرگرمیاں ایکس زی سروسز کے نئے نام کےساتھ بلوچستان میں شمسی ائیر بیس سے آپریٹ کرتی رہی ہے۔ اخبار کے مطابق بلیک واٹر کے اہلکار شمسی ائربیس کے اطراف گشت بھی کرتے ہیں تاہم بلیک واٹر کی طرف سے رپورٹ پر کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا۔ رپورٹ کے مطابق سی آئی اے کے سربراہ نے بلیک واٹر کیساتھ کئے جانیوالے تمام معاہدوں پر نظرثانی کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
مزیدخبریں