وکی لیس نے پول کھول دئیے اپنوں نے غیروں کو شکایتیں لگائیں....ملک سے ناانصافی اور مہنگائی ختم کر کے دم لیں گے : نوازشریف

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی + نیٹ نیوز + آن لائن + جی این آئی) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے مہنگائی کی وجہ سے عوام کی چیخیں نکل گئی ہیں‘ موجودہ حالات صرف عوامی انقلاب سے بدل سکتے ہیں۔ وہ یہاں مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد عارف خاں سندھیلہ کی رہائش گاہ پر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ نیٹ نیوز کے مطابق انہوں نے کہا وکی لیکس نے پول کھول دئیے‘ اپنوں نے غیروں سے شکایات کے انبار لگا دئیے لیکن انہوں نے غیر ملکیوں سے نہ کسی کی شکایت کی اور نہ کسی کی مذمت کی۔ جی این آئی کے مطابق انہوں نے کہا ملک سے ناانصافی اور مہنگائی ختم کر کے دم لیں گے‘ بےروزگاری ختم کر کے نیا پاکسان بنائیں گے۔کلنٹن کے فون کے باوجود مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا یہ بات بھی وکی لیکس میں آنی چاہئے۔ فاروق آباد سے نامہ نگار کے مطابق نوازشریف نے کہا ہم عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے کے لئے اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ آن لائن کے مطابق انہوں نے کہا کرپشن کے خاتمہ‘ حکومتی اخراجات میں کمی تک آر جی ایس ٹی کسی صورت نہیں لگنے دیں گے۔ آج چینی 110 روپے کلو میں بھی نہیں مل رہی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق میاں محمد نواز شریف نے کہا ہم نے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد اور جمہوریت کے استحکام کیلئے زرداری اور گیلانی سے تعاون کیا جس کے نتیجہ میں 18ویں آئینی ترمیم، این ایف سی ایوارڈ کی منظوری ہوئی ہماری خواہش تھی کہ حکومت کے ساتھ ملکی مفاد، عوامی خوشحالی، ترقی کے ساتھ غربت و افلاس، مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے پالیسیاں بنائی جاتیں مگر افسوس حکومت نے اس کے برعکس اقدامات اٹھائے اب تیسرا سال شروع ہو رہا ہے تو حکومت نے ایک بار پھر عوام پر آر جی ایس ٹی کا بوجھ ڈالنے کی کوشش کی ہے جس کی ہم بھرپور مخالفت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جب تک کرپشن، کمیشن کو ختم، عیش و عشرت اور اضافی اخراجات کو ختم نہیں کرتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی‘ ہم نے اپنے لئے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے آواز اٹھائی ہے ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں نہ پہلے کبھی رکاوٹ تھے اور نہ اب ہیں حکومت کرپٹ شہرت کے حامل لوگوں کو اداروں میں لگا رہی ہے جس کا راستہ روکنے کیلئے ہم ایک ایسی ٹیم تیار کر رہے ہیں جو پاکستان کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کے ساتھ غلامی اور محکومی سے نجات دلا نے کے ساتھ غیروں کی امداد اور کشکول اٹھانے کی روایت توڑ دے گی حکمرانوں کو غیروں کی کاسہ لیسی چھوڑنا ہو گی‘ اس وقت ایک ایسے انقلاب کی ضرورت ہے جو عوام کو نیا پاکستان دے‘ یہ پاکستان آنیوالی نسلوں کیلئے مسائل و مشکلات سے محفوظ ہو گا‘ اس مقصد کیلئے مجھے نوجوانوں، اپنی بہنوں اور بھائیوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی میاں محمد جاوید لطیف، چودھری محمد برجیس طاہر، رانا افضال حسین، بلال احمد ورک، سردار عرفان ڈوگر، ارکان صوبائی اسمبلی حاجی غلام نبی ایڈووکیٹ، پیر اشرف رسول، خرم گلفام اشرف، خرم اعجاز چٹھہ، علی اصغر منڈا، رانا محمد ارشد، سابق ارکان اسمبلی حاجی محمد نواز، چودھری افضل سلطان ڈوگر، سجاد حیدر گجر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری مشتاق ورک آف کلہ، چودھری انوارالحق سہوڑیا، رانا خلیل احمد گادی، حاجی خالد محمود اعوان، افتخار احمد کھارا ڈوگر، رانا اسداللہ خاں، شیخ کاشف عارف، شیر اکبر خان، سردار عبدالقیوم ڈوگر، چودھری محمد سلیم بل، سید مشتاق حسین شاہ، مرتضی ورک، صدر انجمن تاجران امجد نذیر بٹ اور دیگر موجود تھے۔ میاں محمد نواز شریف نے کہا صرف عوامی انقلاب سے ہی معاشرتی برائیاں، سماجی نا انصافیاں، غربت و افلاس، مہنگائی، بیروزگاری پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا ماضی روز روشن کی طرح عیاں اور شبنم کے قطرے کی طرح صاف ہے ہم نے کبھی بھی اصولوں پر سودے بازی یا قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا اقوام عالم کے ہر قسم کے دباﺅ اور آفرز اور امریکی سابق صدر بل کلنٹن کی ٹیلی فونک کالوں کے باوجود کوئی دباﺅ قبول نہ کرتے ہوئے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں سات ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو عالم اسلامی کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی طرف اشارہ نہیں کرتا مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ آج غیروں کے دباﺅ کو قبول کیا جا رہا ہے، نوازشریف اور شہباز شریف کی اغیار سے شکایات کی جا رہی ہیں اس کے مقابلے میں ہم نے نہ تو کسی کی شکایت کی اور نہ ہی کسی غیر کی خوش آمد کی بلکہ پاکستان کی سربلندی، اس کی مضبوطی، آزادی، خودمختاری کو ہر چیز پر مقدم رکھا میاں نوازشریف نے کہا کہ پرویز مشرف ایسا ملٹری ڈکٹیٹر تھا کہ جس نے اخلاقیات کے ساتھ انسانیت کا بھی جنازہ نکال دیا‘ میرے والد کی تدفین پر مجھے پاکستان آنے سے روک دیا گیا‘ عارف سندھیلہ کو اس کے والد کے جنازہ میں شرکت سے روک دیا گیا‘ اس ڈکٹیٹر نے ملک کی تباہی و بربادی کی انتہا کردی میاں نواز شریف نے کہا آج آٹا 33 روپے کلو جبکہ ہمارے دور میں پانچ روپے کلو، گھی آج 145 روپے اور ہمارے دور میں 45 روپے فی کلو، پٹرول آج 73 روپے فی لیٹر اور ہمارے دور میں 20 روپے فی لیٹر، چینی 90 روپے فی کلو جبکہ ہمارے دور میں 18 روپے فی کلو فروخت ہوتی تھی اور ہم نے اس وقت بھارت کو بھی چینی ایکسپورٹ کی انشاءاللہ اب جب ہمارا دور آئے گا تو ہم عوام کو اپنے ماضی کے دور اقتدار کی یاد تازہ کروا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت عظمیٰ کے دور میں کسی غیر ملکی قرضہ اور بھیک کے بغیر موٹروے، کوسٹل ہائی وے، گوادر پورٹ، روزگار سکیمیں، ییلوکیپ سکیم، تھنڈر جہاز سمیت دیگر قومی و عوامی اہمیت کے حامل تاریخ ساز منصوبے مکمل اور شروع ہوئے اب دوبارہ موقع پر ملا تو ہم انہی منصوبوں کو دوبارہ شروع کریں گے‘ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا میاں نوازشریف نے پرویز مشرف کی آمریت کے خلاف جو جدوجہد کی اس کے نتیجہ میں ملک کے اندر جمہوریت بحال ہے پرویز مشرف جمہوریت کے قاتل، ملک کے غدار اور عوام کے مجرم تھے ان کا محاسبہ کرنا ہماری قومی، اسلامی، اخلاقی ذمہ داری ہے، ہمارا جینا مرنا میاں نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے ہم کل کی طرح آج بھی میاں نواز شریف کی ہر کال پر لبیک کہنے کو تیار ہیں میاں نوازشریف نے ایک کارکن کے گھر آکر ثابت کر دیا ہے کہ ان کے نزدیک بھی کارکن ہی پارٹی کا قیمتی سرمایہ اوراثاثہ ہیں جو ہمارے لئے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ نوازشریف نے عارف خاں سندھیلہ کو اپنا ساتھی اور بھائی قرار دیا۔
نوازشریف

ای پیپر دی نیشن