”جماعت اسلامی نے 18 سال بعد لیاقت باغ میں بڑا جلسہ کرکے اپنی سٹریٹ پاور کا مظاہرہ کیا“

اسلام آباد (محمد نواز رضا + وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان نے 18سال بعد لیاقت باغ میں ایک بہت بڑا جلسہ منعقد کرکے اپنی سٹریٹ پاور کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ جماعت اسلامی پہلی بار لیاقت باغ کا پنڈال بھرنے میں کامیاب ہوئی اگرچہ جماعت اسلامی کے جلسہ کے منتظمین نے دعویٰ کیا ہے کہ 35 ہزار ممبرز نے حلف اٹھایا جبکہ 10 ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئیں، خواتین کی بہت بڑی تعداد نے جلسہ میں شرکت کی، سید منور حسن کے امیر جماعت اسلامی منتخب ہونے کے، جماعت اسلامی نے پہلی بار جماعت اسلامی کا شو لگایا جس میں راولپنڈی کے کارکنوں کے علاوہ اسلام آباد سے 5 ہزار کارکنوں نے شرکت کی۔ جماعت اسلامی نے راولپنڈی میں اپنی قوت کا بھرپور مظاہرہ کرکے یہ باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ وہ ملک میں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے علاوہ چوتھی بڑی سیاسی جماعت ہے۔ منور حسن نے اپنا زور خطابت امریکہ نواز پالیسیوں پر تنقید کرنے میں لگایا۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کے خلاف کوئی بات نہ کرکے مسلم لیگ (ن) کیلئے دوستی کا پیغام دیا اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نے سید منور حسن کی جانب سے میاں نوازشریف کے لئے نرم گوشہ رکھنے میں خوشگوار حیرت کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن