عمران فاروق قتل کیس: چھاپہ کہاں مارا گیا! برطانوی پولیس کے بیان پر اکتفا کیا جائے: ایڈم تھامسن

Dec 12, 2012

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے عمران فاروق قتل کیس کے بارے میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ لندن پولیس کو اس کا کام کرنے دینا چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں پولیس بہت آزادانہ اور غیر جانبدارانہ کام کرتی ہے۔ میرے پاس لندن میں پولیس چھاپے سے متعلق کوئی مخصوص معلومات نہیں۔ چھاپہ کہاں مارا گیا اس بارے مےں لندن پولیس کے بیان پر ہی اکتفا کرنا چاہئے۔ عمران فاروق قتل کیس برطانوی حکومت کا نہیں پولیس کا معاملہ ہے۔ برطانوی پولیس اپنے ایک شہری کے قتل کی تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں آئندہ ہونے والے انتخابات کے بارے میں کہا کہ امید ہے پاکستان میں انتخابات وقت پر ہوں گے اور سب کے لئے قابل قبول بھی ہوں گے۔ امید ہے پاکستان میں انتخابات کے بعد ایک اور سویلین حکومت برسراقتدار آئے گی۔ پاکستان میں جمہوریت کے نشیب و فراز میں صبر سے کام لینا چاہئے۔

مزیدخبریں