اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے مریم خان کو فوری طور پر اے ڈی سی (جی) تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم نے رابعہ اورنگزیب کے قبل از وقت تبادلے کی تحقیقات کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ تیمور عظمت عثمان کو ہدایت کی کہ سپریم کورٹ کے سول سرونٹس کو او ایس ڈی کی حیثیت سے تعینات کرنے ان کے تبادلہ اور ترقی کے حوالے سے فیصلہ پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے اور اس سلسلہ میں انہیں 15 دن کے اندر جامع رپورٹ دی جائے۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے وزیراعظم کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری اہلکاروں کی تعیناتی کی مدت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سنجیدہ ہےں تاکہ وہ بلاخوف اپنا کام کرسکیں۔