دبئی (این این آئی) فلم فیسٹیول کاشاندار آغاز عرب میوزک اور روایتی ڈانس سے کیا گیا جس میں فنکاروں کے ساتھ لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔دبئی فلم میلہ 16 دسمبر تک صحرائے عرب میں فلمی رنگینیاں بکھیرے گا۔دبئی میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے نامور ستاروں نے شرکت کی، فلم فیسٹیول میں آسکر ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر اینگ لی کی فلم لائف آف پائی نے تو میلہ ہی لوٹ لیا جبکہ لائف آف پائی کے نوجوان اسٹار سورج شرما، اداکارہ شراونتھی سائیناتھ اور اداکارعدیل حسین نے بھی ریڈ کاپٹ میں شرکت کی۔ دبئی فلم فیسٹیول میں مختلف ممالک کی 158 فلمیں 43 زبانوں میں پیش کی جائیں گی، فلمی میلے میں پہلی بارعرب ممالک کی بھی 36فلمیں نمائش کے لئے پیش کی جا رہی ہیں، جن میں عرب ممالک میں خواتین کے حقوق اور عراق میں جنگ کے بعد کے حالات پر بنائی گئی ڈاکومنٹریز قابل ذکر ہیں۔ فلم فیسٹیول میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلمی ستاروں کو اپنے نزدیک دیکھ کران کی خوشی کی انتہا نہ رہی ۔