فیصل آباد+اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+آن لائن) فیصل آباد ڈویلپمنٹ ٹرسٹ اور ڈویژنل کمشنر کی طرف سے سنوکر کے عالمی چمپیئن قومی ہیرو محمد آصف کو یاد گاری شیلڈ اور سوا لاکھ روپے مالیت کے دو انعامی چیک دیئے گئے اس سلسلے میں محمد آصف کے اعزاز میں ایف ڈی ٹی کے آفس میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈویژنل کمشنر طاہر حسین ‘ ڈی سی او محمد امین چوہدری ‘ وائس چیئرمین ایف ڈی ٹی میاں شائق جاوید ‘ بانی ٹرسٹی عمر نذر شاہ ‘ ٹرسٹی خرم ‘ایگزیکٹو ممبر بلال عمر ‘ ایڈیشنل کمشنر ( ریونیو ) اﷲ داد تارڑ ‘ حافظ شوکت ‘ اسسٹنٹ کمشنر ( ریونیو ) مہر شفقت اﷲ مشتاق ‘ ڈویژنل سپورٹس آفیسر میاں زبیر انور ‘ دیگر افسران کے علاوہ محمد آصف کے والد حاجی محمد انور اور ان کے دیگر عزیز واقارب بھی موجود تھے ۔ میاں شائق جاوید نے سنوکر کے کھیل میں بہترین صلاحتیوں کا مظاہرہ کرکے عالمی تاج پہننے پر فیصل آباد کے سپوت محمد آصف کو خراج تحسین پیش کیا اور سنوکر کے کھیل کی ترقی و فروغ کے لئے ایف ڈی ٹی کے زیر اہتمام محمدآصف کے نام پر سنوکر ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا اعلان کیا ۔ بانی ٹرسٹی عمر نذر شاہ نے سنوکر کے ورلڈ چمپیئن محمد آصف اور ان کے اہل خانہ کو عظیم ایوارڈ جیتنے پر ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف ڈی ٹی کی طرف سے تعلیم ‘ کھیل اور دیگر شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے قوم کے ہونہار اور باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ 25 کروڑ روپے کے مختلف منصوبے زیر تجویز ہیں ۔وفاقی حکومت نے سنوکر کے عالمی چیمپئن کو ایک کروڑ روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔وفاقی وزیر میر ہزار خان بجارانی چند روز میں انعام ان کو دیںگے۔
وفاقی حکومت سنوکر عالمی چیمپئن محمد آصف کو ایک کروڑ روپے دے گی
Dec 12, 2012