قومی کرکٹرز بھارت کیخلاف سیریز میں کامیابی کیلئے پُرعزم

Dec 12, 2012

کراچی/پشاور/لاہور (آئی این پی) پاکستان کرکٹ ٹےم کے سابق کپتان ےونس خان نے کہا ہے کہ سلیکٹرز نے مجھ پر اعتماد کیا ہے میں بھی ان کو مایوس نہیں کروں گا‘ بھارت سے جیت کر آنا میرا ہدف ہے۔ میری ماضی کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ بہتر سے بہتر کارکردگی دکھا سکوں۔ فاسٹ باﺅلر عمر گل نے کہا ہے کہ دورہ بھارت میں ان سمیت تمام سینئرز کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کی کامیابی کیلئے کردارادا کرنا ہوگا۔ قومی ٹیم کا 5 سال بعد دورہ بھارت انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں ان سمیت تمام کھلاڑیوں کو پرفارم کرنا ہوگا تاکہ قومی ٹیم وہاں کامیابی حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف اس کی سرزمین پر کھیلنے کی وجہ سے ہمیشہ دباﺅ ہوتا ہے اور وہ اس دباﺅ کو محسوس نہ کرتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہاہے کہ وہ دورہ بھارت کےلئے ٹیم میں شمولیت پر خوش ہیں اور انہیں اس اہم سیریز میں بھارتی باﺅلرز کا سامنا کرنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ میں نے اب تک اپنے کیرئیر میں کبھی لابی کا سہارانہیں لیا او رنہ ہی مستقبل میں ایسا کبھی ہوگا۔ بھارتی باﺅلرز کا سامنا کرتے ہوئے کبھی پریشر نہیں لیتے اور اعتماد سے ان کا سامنا کرتے ہیں۔ حالیہ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہ دورہ بھارت میں بھی اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو جتوانے میں کردار ادا کر سکیں۔

مزیدخبریں