جیاڑنگ(نوائے وقت نیوز) چین کے شہر جیاڑنگ میں گذشتہ دنوں ایک منفر نظارہ دیکھنے کو ملا جب ہزاروں بطخیں مصروف موٹر وے پر پہنچ گئیں۔بطخوں کی یہ فوج کسی احتجاجی مہم کا حصہ نہیں تھی بلکہ ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچنے کیلئے انہوں نے سڑک کے راستے کا انتخاب کیا تھا۔سڑک کے بیچوں بیچ بلا خوف و خطر گھومتے بطخوں کے اس قافلے نے گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو پریشانی میں مبتلا کرڈالا کیونکہ بطخوں سے بچتے بچاتے روڈسے گزرنے کے چکر میں ٹریفک ہی جام ہوگیا۔جہاں ایک طرف یکساں رنگ اور قدوقامت کی ان بطخوں کے سڑک پر قبضہ کر نے سے راہگیرو ں اور گاڑیوں کو طویل انتظار کی کوفت اٹھانی پڑی وہیں کچھ لوگ پریشان ہو نے کے بجائے ان کی ویڈیو بنانے میں مصروف ہو گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے انتظار تفریح میں بدل گیا۔