لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اداکارہ میرا امریکہ سے پاکستان پہنچ گئیں‘ وہ ہارون آباد میں اپنے ہسپتال کے قیام کیلئے فنڈ ریزنگ کے سلسلے میں امریکہ گئی تھیں‘ وہ اپنے منگیتر کیپٹن نوید کے ہمراہ وطن واپس پہنچیں‘ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اردو ہماری قومی زبان ہے‘ انگلش سے نفرت کرتی ہوں‘ مجبوری میں بولتی ہوں۔ ہسپتال کیلئے امریکہ میں فنڈ ریزنگ کی مہم کامیاب رہی‘ عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں ہسپتال قائم کروں گی۔ اداکارہ میرا سے سوال کیا گیا کہ نوید آپ کے ساتھ نظر آ رہے ہیں کیا جلد شادی ہو رہی ہے‘ انہوں نے جواب دیا نوید میرے اچھے دوست ہیں‘ نوید اور ان کے والد کے ساتھ تنازعات ختم ہو گئے‘ شادی سے پہلے ہسپتال بنانا چاہتی ہوں‘ صحافی نے سوال کیا کہ آپ نواز شریف کی قرضہ سکیم سے قرض لینا چاہیں گی؟ میرا نے جواب دیا کہ میں وزیر اعظم لون سکیم سے قرض نہیں لوں گی چاہوں گی کہ ہسپتال کی زمین کیلئے کچھ فیور مل جائے۔
میرا