سبی + کوئٹہ (بی بی سی ڈاٹ کام + اے پی اے) صوبہ بلوچستان کے علاقے سبی میں نشتر روڈ پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے اور 2 گاڑیوں اور دکانوں کو معمولی نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق جمعرات کو نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل پر دھماکہ خیز مواد نصب کرکے اسے ترین چوک پر کھڑا کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے یہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا اور اس کے نتیجے میں دو گاڑیوں اور قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لئے مقامی سرکاری ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ پولیس اہلکار کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ دوسری طرف پولیس نے علاقے سے چند مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے کر انہیں تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔