واشنگٹن (آن لائن) پاکستان اور امریکہ نے دفاعی اور فوجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور القاعدہ سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مل کر جنگ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، امریکہ نے خطے میں امن اور استحکام کے لئے بھی پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان امریکہ دفاعی مشاورتی گروپ کے دو روزہ اجلاس میں امریکہ نے شمالی وزیرستان میں جاری پاک فوج کے آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) عالم خٹک جبکہ امریکی وفد کی سربراہی امریکہ کی دفاع کے بارے میں نائب وزیر کرسٹین وارمتھ نے کی۔ اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں قیام امن، استحکام اور القاعدہ سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کو شکست دینے کے لئے دو طرفہ تعاون ضروری ہے۔ امریکہ نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے آپریشن کی اہمیت کو سراہتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ آپریشن کے نتیجے میں جنگجوﺅں کی کمر ٹوٹی ہے۔ امریکہ نے پاکستانی وفد کو آگاہ کیا کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کے قیام کا مقصد افغان سکیورٹی فورسز کی تربیت کرنا اور القاعدہ کے دوبارہ ابھرنے کے خدشات کو روکنا ہے، پاکستان افغانستان سرحد پر سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے امریکہ کی جانب سے پاکستان کو بھرپور مدد کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں فریقوں نے دفاعی شراکت مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اعلامیے کے مطابق دونوں وفود نے امریکہ پاکستان باہمی شراکت داری میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطے میں امن و استحکام کے قیام اور القاعدہ و دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے کے لئے ضروری ہے۔ دونوں فریقوں نے دفاعی شراکت داری کو فروغ دینے کا عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ایک دوسرے کی ترجیحات کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل میں دفاعی تعاون کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ پاکستانی وفد نے افغان سرحد پر جاری فوجی آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا، امریکہ نے بھی آپریشن ضرب عضب کے نتائج کو سراہا۔ امریکہ کی طرف سے بتایا گیا کہ وہ اپنے کچھ فوجی افغانستان کی نیشنل سکیورٹی فورسز کی تربیت کے لئے رکھے گا ۔دونوں ملکوں نے فوج کی سطح پر رابطے کی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف فوجیوں اور شہریوں کی قربانیوں کو سراہا۔ دونوں ملکوں نے علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجوں کا بھی جائزہ لیا۔ امریکہ کی طرف سے یقین دلایا گیا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔ اجلاس میں اتحادی سپورٹ فنڈ پر غور کیا گیا اور امریکہ نے اس فنڈز سے جلد رقوم کی فراہمی پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے اس مشاورتی گروپ کی صورت میں باہمی گفت وشنید کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
پاکستان/ امریکہ