گیس پائپ لائن منصوبہ اگلے سال موسم بہار میں شروع ہو گا: روسی سفیر

Dec 12, 2015

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان میں روس کے سفیر الیکسی ویدوت نے کہا ہے کہ 2 ارب ڈالر مالیت کی گیس پائن لائن پر کام کا آغاز اگلے سال موسم بہار میں ہو گا۔ ایک سفارتی تقریب میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے لئے کچھ فنی معاملات ابھی طے ہونا باقی ہیں۔ روسی سفیر سے استفسار کیا گیا کہ کیا یہ درست ہے کہ صدر پیوٹن اگلے سال اس منصوبے کا افتتاح کرنے پاکستان آئیں گے تو روس کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے صدر پیوٹن کو دورہ کرنے کی دعوت تو موجود ہے لیکن روسی صدر کے دورہ پاکستان کے لئے اس سے بھی بڑا کوئی موقع ہونا چاہئے۔ روسی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات بہت بہتر ہو رہے ہیں‘ حال ہی میں اسلام آباد میں دونوں ملکوں کے وزارتی کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کئی متنازعہ معاملات طے ہوئے ہیں۔ روسی سفیر سے استفسار کیا گیا کہ روس کی شام میں فضائی بمباری سے اسلامی دنیا میں نکتہ چینی ہو رہی ہے تو روسی سفیر نے کہا کہ روس ’’آئی ایس‘‘ اور داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کر رہا ہے‘ آئی ایس میں کئی روسی شہری بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں