لاہور + فیصل آباد (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) پنجاب میں ٹیکسٹائل سیکٹر اور کیپٹو پاور سیکٹر کو غیرمعینہ مدت کیلئے گیس کی سپلائی بند کر دی گئی ہے۔ سوئی ناردرن حکام نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس کی فراہمی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹیکسٹائل کی برآمدی صنعت کیلئے گیس سپلائی کی اچانک بندش کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسے ملکی برآمدات کیلئے انتہائی نقصان دہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ گیس بندش کے اقدام سے جہاں صنعتی بحران مزید سنگین ہوگا بلکہ لاکھوں مزدوروں کا روزگار بھی متاثر ہوگا۔ پی ٹی ای اے کے چیئرمین اصغر علی اور وائس چیئرمین عارف محمود قریشی نے کہا کہ بنیادی ایندھن کے بغیر کسی بھی انڈسٹری کا وجود کیسے قائم رہ سکتا ہے۔ حکومت ایک طرف تو ملک میں معاشی و اقتصادی انقلاب لانے اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کے اہداف مقرر کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف موجود صنعتوں کی تباہی کے اقدامات تجویز کئے جا رہے ہیں۔ گذشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال جولائی میں مجموعی ملکی برآمدات میں 16.90 فیصد کمی ہوئی جبکہ اگست میں کمی کا تناسب 3.52 فیصد، ستمبر میں 20.37 فیصد، اکتوبر میں 11.37 فیصد اور نومبر میں مجموعی ملکی برآمدات میں 15.12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ٹیکسٹائل، پاور سیکٹر کو گیس سپلائی بند: لاکھوں مزدور متاثر ہونگے: ایکسپورٹرز
Dec 12, 2015