حکومت میں ہوتے ہوئے بھی ہمارے تحفظات بڑھتے جا رہے ہیں: حافظ حسین احمد

بہاولپور (نامہ نگار) جمعیت علماءاسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ جے یو آئی کے حکومت میں ہوتے ہوئے بھی تحفظات بڑھتے جارہے ہیں۔ علماءکو فورتھ شیڈول میں گھسیٹا جارہا ہے۔ وزیراعظم کا لبرل ازم کا نعرہ لگانا اور صدر ممنون کا سودی نظام کے لیے راستہ نکالنے کی بات کرنا وہ عوامل ہیں جو حکومت اور ہمارے درمیان دوری کا باعث بنتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں مائنس ون کی بات ہوئی تو اس کے جواب میں لندن سے مائنس آل کی بات کی گئی تو جے یو آئی نے مائنس آل کو روکا، کل تک اسامہ ایک بہانہ تھا تو آج داعش اور دیگر بہانے تلاش کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا مستقبل میں ملک میں سیاسی جماعتوں کی ایک نئی صف بندی متوقع ہے، پہلے شریف اور مشرف کا تقابل تھا اب دو شریفوں کا ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ ایل او سی پہلے کبھی لائن آف کنٹرول تھی اب لائن آف کرکٹ ہے اصل تنازعہ کشمیر کا ہے جب تک پاکستان اور بھارت اصل تنازعہ کشمیر کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرینگے اور کشمیری عوام کی رائے کو اہمیت نہیں دی جائے گی اس وقت تک کوئی لیپا پوتی دو ہمسایہ ممالک کے درمیان دوستی فراہم نہیں کر سکتی۔

ای پیپر دی نیشن