لاہور‘ اسلام آباد‘ ملتان (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں + خبر نگار+ وقائع نگار خصوصی) ملتان سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 581 کے انجن میں ٹیک آف سے قبل آگ لگ گئی، مسافروںکو بحفاظت نکال لیا گیا ، فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر انجن میں لگی آگ بجھادی۔ اتوار کو ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے ملتان سے کراچی جانے والے اے ٹی آر 42 طیارے پرواز پی کے 581کے انجن میں آگ لگ گئی جس کے بعد جہاز کو رن وے پر ہی روک دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اے ٹی آر طیارے کو سٹارٹ کرتے ہی انجن میں آگ لگ گئی‘ تمام مسافر محفوط رہے۔ کنٹرول ٹاور نے پائلٹ کو انجن میں آگ لگنے کا بتایا۔ بعدازاں پی آئی اے کے تمام اے ٹی آر طیارے گرا¶نڈ کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ ڈی جی سول ایسوسی ایشن اتھارٹی نے تمام اے ٹی آر طیاروں کو گرا¶نڈ کرنے کا حکم دیا جس کے بعد پی آئی اے کے 10 اے ٹی آر طیارے تا حکم ثانی اُڑان نہیں بھر سکیں گے۔ پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انجن میں آگ نہیں لگی فنی خرابی تھی۔ دریں اثناءای ڈی پمز ڈاکٹر الطاف کے مطابق طیارہ حادثہ میں جاں بحق جنید جمشید کی اہلیہ سمیت مزید تین میتوں کی شناخت ہو گئی اب تک 12 شناختی ہو چکی ہے۔ جنید جمشید کی اہلیہ نیہا جمشید‘ طیارے کے پائلٹ صالح جنجوعہ اور آسٹریا کے شہری کی میت کی شناخت ہوئی ہے۔ پمز کی فرانزک ٹیم لاشوں کی شناخت کیلئے دن رات کام کر رہی ہیں۔ طیارے کی تحقیقات کیلئے فرانسیسی ٹیم آج کراچی آئیگی، ٹیم کے ارکان جائے حادثہ پر بھی جائیں گے۔ آمد پر ٹیم کو حادثہ کے بارے میں بریفنگ دی جائیگی۔ دریں اثناءحویلیاں طیارہ حادثے کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔ ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار طیارے کا بند ہونے والا انجن دو ماہ قبل بھی سکھر ائرپورٹ پر بند ہوا تھا، صرف 12 دن چلنے کے بعد ہی انجن دوبارہ بند ہوا مرمت کے بعد یہ انجن حادثے کا شکار طیارے میں نصب کیا گیا۔ فالٹ لاگ بک میں درج ہو گا تب ہی خرابی انجینئرنگ کے علم میں آئے گی پائلٹ دوران پرواز طیارے میں خرابیوں کو لاگ بک میں درج نہیں کرتے خرابیوں کی زیادہ نشاندہی کرنے والے پائلٹ انتظامیہ کی نظر میں ناپسندیدہ ہوتے ہیں دریں اثناءجہاز کے پرزوں کو بارش سے بچانے کیلئے پلاسٹک سے کور کر دیا گیا برطانوی انشورنس ٹیم نے تصاویر اور ویڈیوز بنائیں چینی باشندے کے لواحقین نے آخری رسومات ادا کیں۔ دریں اثناءہمایوں جمشید نے کہا ہے کہ منگل کی رات جنید جمشید کا جسد خاکی مل جائے گا۔ جنید جمشید کے بھائی نے بتایا دارالعلوم کراچی میں جنید جمشید کی قبر تیار کر لی گئی ہے جنید جمشید نے دارالعلوم کراچی میں تدفین کی خواہش ظاہر کی تھی۔ دریں اثناءپی آئی اے ترجمان نے ان میڈیا اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے کہ حادثہ کا شکار ہونے والے طیارے کے انجن میں پہلے سے کسی قسم کی خرابی تھی اور کہا ہے کہ اس مرحلے پر یہ تاثر دینا کہ ایک انجن کا پنکھا اُلٹا چل رہا تھا جو حادثے کا باعث بنا قبل از وقت ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ اس قسم کی قیاس آرائیوں سے عوام غلط نتائج اخذ کر سکتے ہیں۔ درحقیقت چترال سے ٹیک آف کے وقت طیارے کے دونوں انجن بالکل ٹھیک کام کر رہے تھے دوران پرواز کوئی مسئلہ ہوا جو حادثے کا باعث بنا۔ تحقیقات ایک خود مختار ادارہ سیفٹی انوسٹی گیشن بورڈ کر رہا ہے۔ جائے حادثہ سے ملنے والی تمام اشیاءبشمول کاک پٹ آلات تحقیقات میں اہم معلومات فراہم کر سکتے ہیں لیکن صرف چند قیاس آرائیوں کی بنیاد پر حتمی رائے قائم کرلینا گمراہ کن ہو سکتا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے میڈیا سے درخواست کی کہ تحقیقات مکمل ہونے تک اس کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ -ATR-42 & 72 طیاروں میں دنیا کی معروف طیارہ انجن ساز کمپنی Pratt & Whitneyکے انجن استعمال کئے جاتے ہیں جو کہ دنیا بھر میں قابل بھروسہ مانے جاتے ہیں۔ دوسری طرف ایڈمنسٹریٹر پمز ڈاکٹر الطاف حسین نے کہا ہے امید ہے کہ 17 دسمبر تک طیارہ حادثہ میں مرنیوالوں کی میتوں کی شناخت اور حوالگی کا عمل مکمل کر لیں گے۔
طیارہ حادثہ/ ترجمان
ملتان : پی آئی اے کے ایک اور اے ٹی آر طیارے کے انجن میں ٹیک آف سے پہلے آگ لگ گئی‘ مسافر محفوظ
Dec 12, 2016