ٹرمپ مان لیں الیکشن میں روس نے مداخلت کی : ری پبلکن سینیٹر جان مکین‘ رپورٹ مضحکہ خیز ہے : نومنتخب صدر

Dec 12, 2016

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی + رائٹر) ری پبلکن امریکی سینیٹر جان مکین نے سی بی ایس نیوز کے پروگرام فیس دی نیشن میں گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا کہ وہ یہ بات تسلیم کرلیں کہ نومبر کے انتخابات میں روس نے مداخلت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حقائق موجود ہیں۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی مداخلت کے حوالے سے رپورٹس کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کردیا ہے۔ دریں اثناءامریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) اور ایف بی آئی میں اس بات کا اندازہ لگانے پر اختلافات ہیں کہ آیا 2016ءکے انتخابات میں روس نے مداخلت کرکے ری پبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاﺅس تک پہنچانے میں کردار ادا کیا ہے یا نہیں۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق سی آئی اے اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ روس سرگرمی کے ساتھ ٹرمپ کو کامیاب کرانے کے لئے کام کررہا تھا۔ اس مہینے کے آغاز پر بند کمرے میں سینٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں سی آئی اے نے امریکی صدارتی الیکشن میں روسی کردار کے بارے میں اپنی رپورٹ پیش کی۔ اخبار کے مطابق اس بارے میں نامعلوم امریکی حکام کی بریفنگ کے حوالے سے بتایا کہ ماسکو کے معاملے سے منسلک افراد نے ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی اور دیگر ہزاروں ہیک کی گئی ای میلز وکی لیکس کو دیں۔ ہیک کی گئی ای میلز صدارتی مہم کے دوران ہلیری کلنٹن کے لئے سب سے زیادہ تکلیف دہ تھیں۔ ایک سینئر امریکی اہلکار نے انٹیلی جنس پریزنٹیشن کے دوران بتایا کہ روس کا اہم مقصد ایک امیدوار کے مقابلے میں دوسرے کی مدد کرنا تھا۔ دوسری جانب گزشتہ ہفتے کیپٹل بل میں ایک اجلاس کے دوران ایف بی آئی کے انسداد انٹیلی جنس کے سینئر اہلکار نے قانون سازوں کو بتایا کہ ایجنسی (سی آئی اے) اور بیورو (ایف بی آئی) روسی مداخلت کے حوالے سے ایک صفحہ پر نہیں۔ سی آئی اے اور ایف بی آئی کے مختلف موقف نے بہت سے ارکان پارلیمنٹ کو ناراض کیا ہے۔ وہ روسی مداخلت کے حوالے سے سوالات کررہے ہیں۔ ٹرمپ کی ٹرانزیشن ٹیم نے سی آئی اے رپورٹ کو مسترد کردیا ہے۔ ٹیم کا کہنا ہے کہ امریکہ کو دوبارہ عظیم تر بنانے کا وقت آگیا ہے۔ ری پبلکن اور ڈیموکریٹک سینیٹروں نے کہا ہے کہ اس رپورٹ نے ہر امریکی کو چونکا دیا ہے۔ دوسری جانب نومنتخب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کی رپورٹس کو مسترد کردیا۔ اس حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کی رپورٹس مضحکہ خیز ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ ہم بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ صدر اوباما نے روسی مداخلت کے الزام کی تحقیقات کا حکم دے رکھا ہے۔ ڈیمو کریٹک سینٹر شومر نے کہا ہے کہ سی آئی اے اور ایف بی آئی میں اختلافات اس بات کے متقاضی ہیں کہ معاملے کی تحقیقات کرنی چاہئے۔
سی آئی اے/ ایف بی آئی

مزیدخبریں