نوید مختار ڈی جی آئی ایس آئی‘ بلال اکبر چیف آف جنرل سٹاف مقرر‘ شیرافگن بہاولپور‘ نذیر بٹ پشاور کے کورکمانڈر‘ رضوان اختر سربراہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی عاصم باجوہ انسپکٹر جنرل آرمز تعینات

Dec 12, 2016


اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) سابق کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار انٹر سروسز انٹیلی جنس کے نئے سربراہ بن گئے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو ڈی جی آئی ایس مقرر کرنے کی تجویز کم از کم 8 ماہ پرانی ہے تاہم متعدد وجوہات کے باعث اس تبادلہ میں تاخیر ہوتی رہی۔ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بطور جونیئر کیڈٹ فوجی اکیڈمی میں داخل ہوئے۔ تربیت کی کامیاب تکمیل پر انہوں نے 1983ءمیں آرمڈ کور میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں، امریکہ سے وار کورس کیا۔ وہ اس سے پہلے بھی آئی ایس آئی میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ مضبوط اعصاب کے مالک اور کم گو شخصیت ہیں۔ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کو آپریشن ضرب عضب کے ضمن میں انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری ان آپریشنوں کے تسلسل کو قائم رکھنے کا سب سے اہم چیلنج درپیش ہوگا جس کا مقصد ملک کے اندر سے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں، انکے حامیوں اور سرپرستوں کا خاتمہ کرنا ہے۔ پاک چین معاشی راہداری کا تحفظ، اس ضمن میں بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے،پاکستان کے اندر دہشت گردی کی بھارت کی جانب سے سرپرستی کا تدارک کرنا، علیحدگی پسندوں کا سر کچلنا اور دہشت گردی کو جڑ سے اُکھاڑنے جیسے اہم چیلنج درپیش ہوں گے۔
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آئی ایس آئی اور فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سر براہاں سمیت بری فوج کے اہم عہدوں پر متعین افسروں کو تبدیل کر کے نئی تقرریاں کر دی گئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سندھ رینجرز کے سابق سربراہ اور لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے بلال اکبر کو بری فوج کا چیف آف جنرل سٹاف تعینات کر دیا گیا۔ یہ نہایت اہم ہے کیونکہ چیف آف جنرل سٹاف ہی بری فوج کے روز مرہ کے انتظامی امور کا نگران ہوتا ہے۔ آئی ایس آئی کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کو اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ انکی مدت ملازمت کے پونے دو سال باقی ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ نئی پوسٹنگ کے بعد انہیںکور کمانڈ کرنے کا موقع ملے گا۔ آئی ایس پی آر کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کو جی ایچ کیو میں آئی جی آرمز مقرر کیا گیا ہے۔ انکے جانشین کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کیلئے کور آف سگنلز کے ایک میجر جنرل کا انتخاب کر لیا گیا ہے اور آئندہ ہفتے انکی تعیناتی کردی جائیگی۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ کو پشاور کور کا نیا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔ ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن بہاولپور کے نئے کور کمانڈر ہوں گے۔ وہ لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے کی جگہ لیں گے جو سپر سیڈ ہو کر قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز کو جی ایچ کیو میں آئی جی کمیونی کیشن اینڈ آئی ٹی متعین کیا گیا ہے۔ ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل قاضی اکرام بھی جی ایچ کیو میں چیف آف لاجسٹک مقرر کئے گئے ہیں۔ ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کئے نئے سربراہ ہوں گے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل ایف ڈبلیو او کے سربراہ مقرر کئے گئے ہیں۔ سابق کور کمانڈر پشاور ہدایت الرحمن کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن کا عہدہ دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق میجر جنرل فدا حسین کو ڈی جی آئی ایس پی آر مقرر کردیا گیا۔

مزیدخبریں