چارسدہ+ کوئٹہ+ پشاور+ شکارپور (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) شبقدر میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے کے نتیجے میں ایک ایف سی اہلکار زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ ضلع آواران میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کونسلر سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ گزشتہ روز آواران کے علاقے مانجھی بازار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سے کونسلر مولابخش اور دکاندار محمد بخش موقع پر جاں بحق ہوگئے ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ لیویز نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ علاوہ ازیں ایف سی کا قافلہ مہمند ایجنسی جا رہا تھا کہ شبقدر میں ڈھنڈو پل کے قریب نامعلوم افراد نے سڑک کنارے نصب بارودی مواد کا دھماکہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ گاڑی کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ ادھر خیبر پی کے پولیس افسران کی جانب سے پشاور کی سٹی پٹرول فورس کو دی گئی گاڑیوں پر تحفظات کے بعد فورس کو بلٹ پروف گاڑیاں دینے کا فیصلہ کیاہے۔ پشاور میں گزشتہ ایک سال کے دوران پولیس موبائل وین پر حملوں کے ایک درجن سے زیادہ واقعات میں کئی پولیس اہلکاروں نے جانیں گنوائیں۔ علاوہ ازیں پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی ریاض الاسلام کی نماز جنازہ لکی مروت شہر سے متصل ان کے آبائی گاو¿ں میلہ شہاب خیل میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔ پولیس کے خصوصی دستے نے شہید کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعدازاں انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ ادھر شکار پور کی تحصیل خانپور کے قریب پولیس اور رینجرز کے کومبنگ آپریشن کے دوران5 ملزموں سمیت 15 مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا، گیا اور ان افراد سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا، آپریشن کے دوران پولیس نے گھر گھر تلاشی لی۔ بیورو رپورٹ کے مطابق پشاور میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی ریاض الاسلام کے قتل کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گردی میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ میں دہشت گردی اور قتل سمیت دیگر دفعات چارج کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے ڈی ایس پی ریاض الاسلام کے قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرکے اعلیٰ حکام کو ارسال کردی ہے جبکہ عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں ملزمان کا خاکہ تیار کرنے کی کوششیں بھی جاری ہے دوسری جانب پولیس نے ارد گرد کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلئے جس کی روشنی میں ملزمان کا سراغ لگایا جارہا ہے ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد 3 تھی جن میں 2 مسجد کے باہر موٹرسائیکل پر الرٹ کھڑے تھے جبکہ ان کا تیسرا ساتھی مسجد کے اندر تھا جس نے نماز بھی ادا کی اور نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد جیسے ہی ڈی ایس پی ریاض الاسلام اپنے صاحبزادے کے ہمراہ مسجد سے باہر نکل رہے تھے تو حملہ آور بھی ان کے پیچھے آگیا اور چپل پہننے کے دوران مسجد کے گیٹ پر ہی ریاض الاسلام پر 5 گولیاں فائر کردی جس کے نتیجہ میں 2 گولیاں ریاض الاسلام جبکہ ایک گولی ان کے صاحبزاے کو لگی۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے بارونق اور کاروباری علاقے زرغون روڈ پر پولیس نے ایک نالے سے دستی بم برآمد کر کے دہشتگردی کی کوشش ناکام بنا دی۔ کوہاٹ سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے اشتہاری مجرمان سمیت 198 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ اور اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔ منڈی بہا¶الدین میں سی ٹی آئی کی کارروائی میں 15 مشتبہ افراد پکڑے گئے۔
کونسلر سمیت 2 جاں بحق