چارسدہ/ پشاور/آوران/ شکار پور (نیوز ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) شبقدر میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے کے نتیجے میں ایک ایف سی اہلکار زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آوران کے علاقے ماشی میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ شکار پور میں کومبنگ آپریشن کے دوران 15مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایف سی کا قافلہ مہمند ایجنسی جا رہا تھا کہ شبقدر میں ڈھنڈو پل کے قریب نامعلوم افراد نے سڑک کنارے نصب بارودی مواد کا دھماکہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ گاڑی کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ نجی ٹی وی کے مطابق خیبر پی کے پولیس افسران کی جانب سے پشاور کی سٹی پٹرول فورس کو دی گئی گاڑیوں پر تحفظات کے بعد فورس کو بلٹ پروف گاڑیاں دینے کا فیصلہ کیاہے۔ پشاور میں گزشتہ ایک سال کے دوران پولیس موبائل وین پر حملوں کے ایک درجن سے زیادہ واقعات میں کئی پولیس اہلکاروں نے جانیں گنوائیں۔ علاوہ ازیں پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ڈی ایس پی سی ٹی ڈی ریاض الاسلام کی نماز جنازہ لکی مروت شہر سے متصل ان کے آبائی گاو¿ں میلہ شہاب خیل میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی۔ پولیس کے خصوصی دستے نے شہید کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعدازاں انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ علاوہ ازیں واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ادھر شکار پور کی تحصیل خانپور کے قریب پولیس اور رینجرز کے کومبنگ آپریشن کے دوران5 ملزموں سمیت 15 مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا، گیا اور ان افراد سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا، آپریشن کے دوران پولیس نے گھر گھر تلاشی لی ۔