جشن عید میلاد النبیؐ پر تقریبات کا آغاز نماز فجر کے بعد قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیدالانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت پرپاک فوج کی جانب سے اکتیس توپوں کی سلامی دی گئی، فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں محفوظ شہید گیریژن پر توپوں کی سلامی سے دن کا آَغاز ہوا، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے اکیس توپوں کی سلامی دی، اس موقع پر فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔
پشاور کے کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں فوجی جوانوں کے چاق و چوبند دستے نے اکیس توپوں کی سلامی پیش کی۔ کراچی میں ملیر کینٹ میں اکیس توپوں کی سلامی پیش کی گئی جبکہ کوئٹہ چھاؤنی میں بھی اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔
مساجد میں نعتیہ کلام پیش کر کے سرور قونین، آقائے دو جہان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو گلہائے عقیدت پیش کیا گیا، حضور اکرم کی بارگاہ رسالت میں درودو سلام کے نظرانے پیش کئے گئے، اس موقع پر ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
عید میلاد النبیؐ : صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس جبکہ وفاقی دارالحکومت میں اکتیس توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا
Dec 12, 2016 | 16:31