اسلام آباد + بدوملہی (نمائندہ خصوصی + نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے ہمیں معاشی ترقی کیلئے انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوز کر نا ہوگی، دنیا کو دہشتگردی اور انتہا پسندی کے چیلنجوں کا سامنا ہے اور ترقی کیلئے امن وامان کا قیام ناگزیر ہے، ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کیلئے قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔ اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کی ریجنل پلاننگ کونسل کے 28ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا عصر حاضر کی ٹیکنالوجیز اور ایجادات کے ساتھ دنیا صنعتی انقلاب کی دہلیز پر پہنچ گئی ہے اور ہمیں مستعدی سے کام کرنا ہوگا جس کا مقصد اپنے عوام کو چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2050ء تک ایشیا کے پاس دنیا کے جی ڈی پی کا 52فیصد سے زائد حصہ ہوگا اور ای سی او کے رکن ملک اجتماعی تعاون کے ذریعے اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکتے ہیں۔ ہمیں منظم جرائم اور منشیات کی روک تھام کے لئے باہمی تعاون بڑھانے پر غور کرنا ہوگا، زراعت، صنعت، توانائی اور معدنیات کے شعبوں باہمی تعاون سے رکن ممالک کے عوام کو روزگار اور مسائل کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ احسن اقبال نے ای سی او کے رکن ملکوں کے درمیان زیادہ تجارت اور اس مقصد کیلئے سڑک، ریل اور فضاء کے ذریعے نقل وحمل کے مؤثر نیٹ ورک کی ترقی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ رکن ملکوں کے درمیان براہ ر است پروازوں کے علاوہ تاجروں اور عوام کیلئے ویزوں کو آسان بنانے اور تعاون کیلئے بھی اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے تاپی اور کاسا 1000 جیسے منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے کہا ای سی او کو توانائی کے شعبوں میں وسیع تعاون کیلئے کام کرنا چاہئے۔ احسن اقبال نے کہا موجودہ حکومت نے بجلی کی قلت اور دہشت گردی پر قابو پا لیا‘ ہم بلند ترین شرح نمو کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور رواں مالی سال کیلئے ہمارا ہدف 6 فیصد ہے۔ اجلاس سے خطاب میں سیکرٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم خلیل ابراہیم آقا نے کہا آئندہ سال کیلئے مختلف نئی تجاویز اور پروگرامز پر غور کیا جائے گا۔ دریں اثناء میڈیا سے گفتگو میں چوہدری احسن اقبال نے کہا سی پیک کاغذ کا ٹکڑا تھا۔ مسلم لیگ(ن) نے اسے حقیقت بنایا، پشاور سے افغانستان اور وسطی ایشیا تک راہداری بنا رہے ہیں، سی پیک کے نتیجے میں ہم جو انفراسٹرکچر بنا رہے ہیں وہ پاکستان کو وسطی ایشیا، مغربی ایشیا اور چین سے ملائے گا۔ ہم پشاور سے کابل اور سینٹرل ایشیا تک کوریڈور بنا رہے ہیں۔ دوسرا کوئٹہ، ہرات اور ترکمانستان جنوب میں ایک اور راہداری بن رہی ہے۔ یہ تمام انفراسٹرکچر کے منصوبے پاکستان کے لئے بے حد اہم ہیں۔ اس لئے ضرورت اس بات کی ہے ہم دھرنوں کی بجائے اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر توجہ دیں کیونکہ 21ویں صدی اقتصادی مقابلے کی صدی ہے اور ہم نے ماضی میں بہت کچھ کھویا ہے اور اب ہمیں زیادہ تیز چلنے کی ضرورت ہے۔ آئی این پی کے مطابق اپنے خطاب میں احسن اقبال نے کہا اکیلا کوئی بھی ملک اقتصادی مسائل پر قابو نہیں پاسکتا‘ خطے میں خوشحالی لانے کے لئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا‘ 2050ء تک دنیا کی ترقی میں پچاس فیصد حصہ ایشیا کا ہوگا‘ خطے کی خوشحالی کے لئے امن و امان کا قیام اہم ہے‘ خطے کے ممالک کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں‘ امیر اور غریب ممالک کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہوگا۔ این این آئی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال سے آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری نے ملاقات کی جس میں آئی جی اسلام آباد نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو باقی صوبوں کے لئے قابل تقلید بنایا جائے، اسلام آباد میں ایماندار اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل افسران کو تعینات کیا جائے ۔وزیر داخلہ نے دارلحکومت میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ماڈل پولیس سٹیشن پراجیکٹ پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیر داخلہ نے کہا اینٹی رائیٹ پولیس کی بھرتی فوری طور پر کی جائے۔ ٹریفک پولیس کے ذریعہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ ایس ایچ اوز کیلئے لیڈرشپ ٹریننگ کروائی جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا لیڈی ایس ایچ او کی تقرری کی جائے اور خواتین پولیس کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔ بدوملہی سے نامہ نگار کے مطابق چوک بڈھا ڈولہ سے رعیہ خاص اور بڈھا ڈولہ سے رشید پور تک سڑکوں کا افتتاح کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے علاقے میں سڑکوںکا جال بچھانے کے ساتھ وسیع پیمانے پر ترقیاتی کام کروائے ہیں جس سے معیشت کے پہیئے کا رواں دواں ہونا نیک نیتی اوردن رات کام کرنے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) اپنی مدت پوری کرے گی اور 2018ء میں ہونے والے عام انتخابات میں مخالفین کو بھرپور شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر برسراقتدار آکر ترقی کے سفر مزید آئے بڑھائے گی۔ مسلم لیگ (ن) متحد ہے اور ملک کے مسائل حل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔
احسن اقبال