اسلام آبا د (آئی این پی) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ٹھیکیدار نہ بنیں جواب دیں کہ پارلیمنٹ پر حملہ کیوں کیا اور پولیس کو کیوں مارا، عمران صاحب آپ تو خود اپنی پارٹی کی فنڈنگ کے لئے جوا کھیلنے کا اعتراف کر چکے ہیں، آپ عدالتوں کو کیا جواب دیں گے آپ تو عائشہ گلالئی کا جواب نہیں دے سکے، آپ نے پچھلے چار سال میں اتنے جھوٹ بولے ہیں کہ آپ کو اب شرم بھی نہیں آتی، عمران صاحب آپ آج بھی کنٹینر پر کھڑے ہیں اور خیبر پی کے کے سکولوں میں کم اندراج کی وجہ سے ایک ہزار سکول بند ہو گئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہو کر شرم تو آئی ہو گی، انہوں نے کہا کہ عمران صاحب پوری عوام پارلیمنٹ اور قانون نافذ کرنے والوں پر حملہ کرنے والے کی سزا کے انتظار میں ہیں، عمران صاحب آپ اپنی حکومت اور اپنے وزراء کی کرپشن کو چھپانے کے لئے شور مچا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیرمملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پچھلے چار سال میں حکومت نے قیام امن کے لیے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے، فلمی صنعت کی بحالی کیلئے وزارت اطلاعات کام کر رہی ہے، ایرانی فلموں میں خاندانی اقدار کو نمایاں طور پر دکھایا جاتا ہے، پاکستان میں ایرانی فلم فیسٹیول منعقد کرنے پر ایرانی سفارتخانے کے مشکور ہیں۔ وہ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے) میں ایرانی فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ ایران کے پاکستان میں سفیر مہدی ہنر دوست بھی تقریب میں موجود تھے۔ وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کیک کاٹ کر ایرانی فلم فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ ایرانی سینما میں ثقافتی عکس کو نمایاں طور پر دکھایاجا رہا ہے، پاکستانی فلم انڈسٹری میں کلچر اور ثقافت کی ترویج کیلئے تجربہ موجود ہے، پاکستان میں فلم بنانے کے لیے ٹیکس چھوٹ کی مراعات دینے کی ضرورت ہے، اس موقع پر سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایرانی فلم فیسٹیول کا پاکستان میں آغاز باعث اعزاز ہے، ایرانی فلموں کی ترویج اصل میں ہمارے اقدار کا تحفظ ہے، ایران پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے ،فلم فیسٹیول سے ایران کی ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔