شاہپور صدر+نوشہرہ وادی سون+لاہور (نامہ نگاران +خصوصی رپورٹر)سابق وفاقی وزیر"ملک نعیم خان اعوان طویل علالت کے بعد وفات پاگئے۔ انکی نماز جنازہ آبائی گائوں پدھراڑ میں ادا کی گئی جس میں ہر مکتبہ فکر کے افراد، ایڈیشنل سیکرٹری گلگت بلتستان ملک طاہر سرفراز اعوان، ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان، ایم این اے ملک عزیر خان، ایم پی اے ملک جاوید اقبال اعوان، ایم پی اے ملک وارث کلو، ایم پی اے ملک کرم الٰہی بندیال، صوبائی وزیر ملک آصف بھا ،سابق ایم این اے ملک غلام محمد ٹوانہ، سردار شجاع خان بلوچ، سابق ایم پی اے ملک تصور خان ،ملک صالح محمد گنجیال، سابق ناظم ضلع خوشاب ملک احسان ٹوانہ، ضلعی صدر پی ٹی آئی گل اصغر بگھور، سابق تحصیل ناظم نورپور سیدرسول سہلال، چیئرمین زکوٰۃ و عشر چوہدری ارشد محمود، سیاسی رہنما ملک تنویر سلطان، ملک شبیر خان، ملک اللہ بخش سنگھا اور ملک اسلم سیٹھی سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ بعدازاں انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔رسم قل خوانی بدھ دن 11 بجے سرگودھا میں انکی رہائش گاہ پر ہوگی۔ملک نعیم خان1985ء میں پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ، پھر 1988ء 1990ء اور 1993ء تک مسلسل چاربار ایم این اے رہے۔ وہ وادی سون ،مہاڑ اورخوشاب کے عوام کے دلوں میںبسنے والے سیاستدان تھے۔ 1997 ء میں علالت کے باعث انتخاب میں حصہ نہ لے سکے اور اپنے بھانجے ملک عمر اسلم اعوان کو اپنا سیاسی جانشین مقرر کیا جو انکی جگہ ایم این اے منتخب ہوئے۔ ملک نعیم خان اعوان مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں محمد نواز شریف کے قریبی ساتھی تھے۔ ملک نعیم خان 20 سال بستر علالت پر رہے ۔ ملک نعیم اعوان مرحوم (ر)بریگیڈیر ملک ساول خان مرحوم کے بیٹے، (ر)جنرل ملک سلیم خان کے بھائی، ملک علی ساول کے چچا، ملک طاہر سرفراز، ملک عمر اسلم، ملک حسن اسلم، (ر) میجر فیصل عزیزملک اور ملک خالد اکبر کے ماموں اور سابق وائس چیرمین ضلع کونسل خوشاب ملک اکبر اعوان کے برادر نسبتی تھے ۔وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے سابق وفاقی وزیر ملک نعیم اعوان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔