اسلام آباد /مری/کراچی/مظفر آباد/پشاور:مری اور گردونواح میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے. رات سے منگل کی صبح تک4 انچ برف ریکارڈ کی گئی، کراچی میں بدھ سے سائبیریا کی سرد ہوائیں چلنے اور ہفتے تک سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔آزاد کشمیرمیں وادی نیلم، نکیال اور قریبی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری جاری ہے جبکہ دیامر میں نانگاپربت، بٹوگا اور بابوسر ٹاپ پر بھی برف پڑی، چلاس میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کی خیبر پختونخوا، فاٹا اور پنجاب کے بالائی علاقوں، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں برفباری کے باعث بالائی علاقے شاردہ کیل تاوبٹ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ نکیال اور گردونواح میں بارش کے باعث گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن میں بھی مزید برسات کی پیش گوئی کی گئی ہے، کراچی میں کل سے سائبیریا کی سرد ہوائیں چلنے اور ہفتے تک سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش تھمی تو دوبارہ دھند چھاگئی، ملتان، گوجرہ، کمالیہ، چنیوٹ، چیچہ وطنی، پاک پتن اورصادق آباد میں دھند نے دوبارہ ڈیرے ڈال لیے ہیں، قومی شاہراہ پر مختلف مقامات پر دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہے۔ترجمان موٹر وے کے مطابق دھند کے باعث چیچہ وطنی اورملتان سے صادق آبادتک حدنگاہ صفرسے30میٹررہ گئی ہے، قو می شاہراہ پرڈھرکی سے پنوعاقل تک بھی شدیددھند چھائی ہے، ڈھرکی سے پنوعاقل تک حدنگاہ صفرسے30میٹررہ گئی ہے۔ موٹروے ترجمان نے شہریوں کو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا اورکہاہے کہ ضرورت پڑنے پر سفرکے دوران گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کی جائیں۔
مری میں 4 انچ برف ریکارڈ،پہاڑوں پر برفباری جاری,وادی نیلم، نکیال اور قریبی علاقوں میں بارش، نانگاپربت، بٹوگا اور بابوسر ٹاپ پر برف باری جاری
Dec 12, 2017 | 13:23