گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )سابق وفاقی وزیر و سینئر رہنما مسلم لیگ ن غلام دستگیرخان نے مسلم لیگی رہنماخواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق کی گرفتاری پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی سیاسی مخالفین کیخلاف انتقامی کارروائیاں کسی صورت کامیاب نہیں ہونگی مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی گرفتاری قابل مذمت ہے ،کٹھ پتلی حکومت نیب کو سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کررہی ہے نیب کی گرفتاریاں اور انکوائریاں صرف مسلم لیگ ن کیخلاف ہی ہورہی ہیں جبکہ حکومت میں بیٹھے بڑے بڑے مگر مچھوں کے کیسز بھی نیب میں چلنے کے باوجود انہیں نہ گرفتار کیا جارہا ہے اور نہ ہی ان کیخلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی کی جارہی ہے عمران خان کیخلاف سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کا کیس بھی نیب میں چل رہا ہے لیکن ابھی تک اس کیخلاف بھی نیب کارروائی کرنے سے قاصر ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف ودیگر قائدین کیخلاف ابھی تک کرپشن کا کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہوسکا ۔