اسلام آباد (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے بلوچستان میں پانی کا مسئلہ سنگین ہو چکا ہے، اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ عمران خان سے کیڈٹ کالج مستونگ کے طلبا نے وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں طلبا کی جانب سے مختلف موضوعات پر وزیرِ اعظم سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا انسان کی پہچان اس کے ارادوں اور اس کی سوچ سے ہوتی ہے، جو انسان جتنے بڑے خواب دیکھتا ہے اور جتنے بڑے چیلنجز قبول کرتا ہے وہ اتنا ہی بڑا انسان ہوتا ہے۔ ہر چھوٹی کامیابی انسان کو بڑی کامیابیوں کے لئے تیار کرتی ہے، انسان جب تک محنت جاری رکھتا ہے وہ بڑا شخص بنتا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا انسان ہارتا اس وقت ہے جب وہ ہار مان لیتا ہے، اچھا اور برا وقت زندگی کا حصہ ہوتے ہیں، برا وقت انسان کو سبق سکھاتا ہے۔ بلوچستان کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا بلوچستان میں پانی کا مسئلہ بہت سنگین ہے، بڑھتی ہوئی آبادی اور زیرِ زمین پانی کی سطح کے مزید نیچے جانے سے یہ مسئلہ اور بھی سنگین ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا اس مسئلے پر پر قابو پانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ تعلیمی نظام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں تین طرح کے نظام تعلیم نے مسائل کو جنم دیا، مختلف طبقوں کے لیے مختلف نظام تعلیم کی کسی معاشرے میں گنجائش نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا ہماری کوشش ہے ملک بھر میں یکساں اور معیاری نصابِ تعلیم رائج کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا مختلف وجوہات کی بنیاد پر بلوچستان ملک کے باقی حصوں سے پیچھے رہ گیا، ہماری پوری کوشش ہو گی بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور خصوصاً طالب علموں کو تعلیم کے مواقع کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ان کو وظائف دے کر تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے میں مدد دی جائے۔ انہوں نے کہا نئے بلدیاتی نظام میں ترقیاتی فنڈز نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں گے، ولیج کی سطح پر ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سے بلوچستان کے علاقوں کی پسماندگی دور کرنے میں مدد ملے گی۔ کھیلوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک بھر میں سپورٹس کا نیا نظام لائیں گے تاکہ نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتیوں کے جوہر دکھانے کے مواقع میسر آئیں۔ ہم نے پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلانے کا عہد کیا ہے۔ انہوں نے کہا طالب علموں کے لیے ضروری ہے وہ دنیا کے سب سے عظیم لیڈر ہمارے پیغمبر آنحضرت کی حیاتِ مبارکہ کے بارے میں تعلیم حاصل کریں تاکہ ان کی سیرت طیبہ سے رہنمائی حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا آنحضرت کی سیرت طیبہ پر ریسرچ کے فروغ کے لیے ملک کی تین بڑی جامعات میں سیرت چیئر قائم کی جا رہی ہے۔ آئی این پی کے مطابق اٹلی کی معروف آئل کمپنی ای این آئی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا حکومت آئل اینڈ گیس سمیت ملک کے تمام شعبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کےلئے سازگار ماحول فراہم کررہی ہے،کاروباری طبقے کو ہر سہولت مہیا کرنے اورکاروبار آسان بنانے کےلئے توجہ مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں توسیع کی خواہش حوصلہ افزا ہے، پاکستان میں تیل و گیس کے شعبہ میں وسیع تر سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، ملک میں ہائیڈروکاربن کے وسیع ذخائر اور توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات سے بین الاقوامی کمپنیاں فوائد حاصل کرسکتی ہیں،کمپنی کے ایگزیکٹو نائب صدر سینٹرل ایشین ریجن لوکاوگناتی نے وزیراعظم عمران خان کو اپنی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کمپنی گزشتہ اٹھارہ سال سے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہے،کمپنی کی جانب سے پاکستان میں مختلف منصوبے شروع کئے گئے جبکہ کمپنی کی جانب سے صحت، تعلیم، ماحولیات اور سماجی و معاشی ترقی میں بھی کردار ادا کیا جا رہا ہے،ای این آئی دیگر شعبوں سمیت ایل این جی میں بھی سرمایہ کاری کی خواہش مند ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان سے ممتاز عالم دین مولانا طارق جمیل نے ملاقات کرکے دینی و دنیاوی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
عمران