سندھ: سی این جی سٹیشن غیرمعینہ مدت، پنجاب میں ایک روز کیلئے بند

Dec 12, 2018

کراچی (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) سوئی سدرن نے سندھ کے سی این جی سٹیشنز کو غیرمعینہ مدت تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بجلی پیدا کرنے والی صنعتوں کو بھی گیس بند کر دی گئی۔ سی این جی ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے آج سوئی سدرن دفتر کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا۔ سی این جی ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ گیس فراہم نہ کی گئی تو شارع فیصل بلاک کریں گے۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پنجاب بھر کی صنعتوں اور سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی 1 دن کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اینگرو ٹرمینل کو مرمت کیلئے بند کیا گیا ہے جس کے باعث صنعتوں اور سی این جی سٹیشنز کو گیس کی سپلائی جاری نہیں رہ سکے گی اس لئے اس سیکٹر کو 24 گھنٹے کیلئے گیس کی سپلائی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سندھ ٹرانسپورٹ اتحاد نے گیس کی بندش کے خلاف آج (بدھ) کو ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ صدر ارشاد بخاری کے مطابق گیس بندش کے باعث بسیں غیر معینہ مدت کیلئے بندہوں گی۔

سوئی سدرن

مزیدخبریں