لاہور (نامہ نگار) سول لائنز پولیس نے مغلپورہ کی رہائشی بی ایس کی طالبہ کے اغواء کی واردات کا چندگھنٹوں میں سراغ لگا لیا اور ملزم کو گرفتارکر کے لڑکی بازیاب کرالی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق انگوری سکیم شالیمار لنک روڈ مغلپورہ کے رہائشی محمد ابرار نے گذشتہ روز تھانہ سول لائنز میں درخواست دی کہ اُس کی چھوٹی بہن جوکہ لاہور کی ایک سرکاری یونیورسٹی میں بی ایس کی طالبہ ہے کو سہ پہر3 بجے اغواء کیا گیا ہے۔سول لائنز آپریشن و انویسٹی گیشن ٹیموں نے ہوٹل آئی سوفٹ ویئر کا استعمال عمل میں لاتے ہوئے چند گھنٹوں بعد ہی ٹنڈوالہ یار کے رہائشی محکمہ تعلیم سندھ کے ملازم امداد علی نامی لڑکے کو لاہور کے ایک نجی ہوٹل سے گرفتار کر کے لڑکی کو بازیاب کرالیا ۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم امداد علی لڑکی کو اغواء کر کے سندھ لے جانا چاہتا تھا۔لڑکی کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ۔
سول لائنز پولیس نے بی ایس کی طالبہ کے اغواء کی واردات کا چندگھنٹوں میں سراغ لگا لیا
Dec 12, 2018