لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائز مالکان کے مسائل کا بخوبی اندازہ ہے۔فرنچائز مالکان ہمارا اہم حصہ ہیں، انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ پاکستان سپر لیگ کے فرنچائز مالکان کی طرف سے ٹیکس معافی کی تجویز پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات میں اس اہم مسئلے پر تفصیل سے بتایا گیا تھا۔ اس میں کتنا وقت لگتا ہے اس بارے میں تو کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن ہماری کوشش یہی ہو گی کہ اس مسئلے کا بہتر حل نکلے۔ وہ ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں شرکت کے لیے روانگی سے پہلے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ وہ وہاں مختلف کمیٹیوں کی میٹنگز میں بھی شریک ہونگے۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا تھا کہ وطن واپسی پر اس مسئلے پر مزید کوشش کی جائے گی۔ پاکستان سپر لیگ ہمارا کامیاب ایونٹ ہے ہم سب نے ملکر اسے بہتر بنانا ہے۔ ہم اسکی بہتری کے لیے تمام موجود وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق انتظامیہ نے چوتھے ایڈیشن کے لیے ملتان میں میچز کروانے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی تھی یہ کہنا غلط ہے کہ ہم نے چوتھے ایڈیشن کے لیے جنوبی پنجاب کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا ہے۔ ایسا کوئی پلان موجود ہی نہیں تھا اب ہماری کوشش ہو گی کہ سٹیڈیمز کی حالت کو بہتر بنائیں اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کریں۔ لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ فرنچائز کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی اس میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں ہمارے لیے انکا رویہ اطمینان بخش ہے۔بورڈ چیئرمین کا مثبت طرز عمل اور مسائل کے حل کی کوششوں کو فرنچائز مالکان قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہم سب کا مقصد پاکستان سپر لیگ کی ترقی اور کامیابی یے۔ فرنچائز مالکان نے دو ہزار سولہ میں پی ایس ایل کے آغاز کے موقع پر مالی مفادات کے بجائے ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے پی سی بی کا ساتھ دیا تھا اور تمام لوگ آج بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کھڑے ہیں۔