فپواسا کی اپیل پرسندھ بھر کی جامعات میں کلاسز کا بائیکاٹ

کراچی (نیوز رپورٹر ) فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسو سی ایشن ( فپواسا ) سندھ کی اپیل پر تعلیمی سرگرمیوں سمیت کلاسز کا بائیکاٹ کیا گیا۔ فپواسا کے مطابق اٹھارویں ترمیم کے بعد سندھ ایچ ای سی کی کارکردگی صفر رہی ہے ۔ فپواسا نے وزیر سندھ مراد علی شاہ کو 12نکاتی مطالبات پیش کر رکھے ہیں۔ فپواسا سندھ کی صدر انیلا ملک کا کہنا تھا کہ ابھی تک کسی بھی سطح پر سندھ حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا جمعہ کو پھر جزوی ہڑتال کی جائے گی اور بدھ سے قبل فپواسا سندھ دوبارہ اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی کہ غیر معینہ مدت تک سندھ کی جامعات کو بند کر دیا جائے اور اس کے علاوہ دیگر آپشن پر بھی غور کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایچ ڈی الائونس کا اعلان چیف سیکریٹری سندھ نے کیا تھا جو ملا بھی تھا مگر اُس کے بعد پی ایچ ڈی الائونسدینے کا سلسلہ بند کردیا گیا اور ہارڈ شپ کیسز سمیت کئی معاملات التواء کا شکار ہیں جس سے جامعات کے اساتذہ و ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ فپواسا اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج اور کلاسز کا بائیکاٹ جاری رکھے گی اور جمعہ کے روز بھی جزوی ہڑتال کی جائے گی۔فپواسا سندھ کے سیکریٹری غفران عالم کا کہنا تھا کہ شیڈول کیمطابق اگر حکومت نے مطالبات نہیں مانے تو آئندہ ہفتے19دسمبر بد ھ سے سندھ بھر کی جامعات میں کلاسز کا مکمل بائیکاٹ کر کے جامعات کو بند کردیں گے جس کی ذمہ دار حکومت سندھ ہوگی ۔

ای پیپر دی نیشن