پی آئی سی واقعہ معاشرہ کے منہ پر کالک‘ حکومت سخت ایکشن لے: سیاسی، مذہبی رہنما

Dec 12, 2019

لاہور(نیوز رپورٹر/ خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں امن و امان کو بحال رکھنے میں مکمل فعل ہوگئی ہے۔ افسران کی بار بار تبدیلیوں کی بجائے وزیراعلیٰ کیوں تبدیل نہیں ہو رہا۔ وکلاء برداری کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ حکومت نے ڈاکٹرز اور وکلاء کے درمیان جھگڑے کو ختم کرانے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ پنجاب حکومت کی رٹ مکمل طور پر ختم ہو گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے پی آئی سی میں وکلاء کی توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی، ذمہ داران کے خلا ف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ قانون کے رکھوالوں نے آج پی آئی سی میں قانون کی دھجیاں بکھیر دی ہیں، وکلاء کتنے ہی حق بجانب ہوں لاقانونیت کی اجازت نہیں دی جا سکتی، صحافیوں پر تشدد کی بھی مذمت کرتے ہیں، ہسپتال میں وکلاء کی غنڈہ گردی سے انسانیت شرما گئی ہے، اعجاز احمد چوہدری، جنرل سیکرٹری علی امتیاز وڑائچ اور سینئر نائب صدر عامر گجر سے پارٹی سیکرٹریٹ میں گوجرانوالہ سے سابقہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور گوجرانوالہ کی ڈسٹرکٹ گورننگ باڈی کے ممبران کی ملاقات کی اور گوجرانوالہ میں پارٹی کی تنظیم سازی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات کرنے والوں میں رانا نذیر احمد، رانا عمر نذیر، ظفراللہ چیمہ، خالد پرویزاکرم وڑائچ، مہرشہباز، ارشد سندھو، خادم آدھی، عمیر پرویز ورک، ممتاز نصراللہ چٹھہ، پاکپتن سے پیر محمد شاہ کھلہ، ریاض ارشد نیازی، مظہر فرید وٹو، جاوید اکرام ٹونی، ابرار الحق، میجر (ر)اسرار الحق، چوہدری عبدالرحمان شامل تھے۔ نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے پی آئی سی میں وکلاء اور ڈاکٹروں کی لڑائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریض پس رہے ہیں وکلاء نے دہشتگردی کا مظاہرہ کیا ہے ملزموں کے خلاف سخت کاررروائی ہونی چاہئے یہ پڑھے لکھے یا جانور ہیں۔ چودھری اعتراز احسن عابد حسین منٹو حامد خان لطیف کھوسہ قوم کو بتائیں کیا وکلاء ایسے ہوتے ہیں۔طاہر محمود اشرقی نے کہا ہے کہ وکلاء کاحملہ ، فائرنگ ، توڑ پھوڑ اور جلائو گھیرائوقابل مذمت اور پورے معاشرے کے لیے باعث شرم ہے، آج کالے کوٹ والوں نے پورے معاشرے کے منہ پر کالک مل دی ہے، اگر پڑھے لکھے اور قانون کے محافظ طبقے کا یہ حال ہے تو باقی لوگوں کا کیا حال ہوگا؟۔ کسی کو بھی یہ حق نہیں دیا جاسکتا کہ وہ انسانی جانوں اور ملک کے امن کے ساتھ کھیلے۔ اس وقت پوری قوم یک زبان ہوکر حکومت سے مطالبہ کر رہی ہے کہ اس بربریت کو برپا کرنے والے بھیانک کرداروں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات چلائے جائیں۔ مولانا اسد زکریا ، مولانا عبدالکریم ندیم ، علامہ عبدالحق مجاہد ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا اسید الرحمٰن سعید ، علامہ طاہر الحسن، مولانا عمار بلوچ ، مولانا عقیل طاہر ، مولانا اشفاق پتافی، علامہ زبیر عابد، مولانا اسلم صدیقی، قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا عبدالحکیم اطہر نے بھی مذمتی بیان میں کہا کہ وکلاء نے ایسی حساس اور مصروف ترین علاج گاہ کو غنڈہ گردی کا نشانہ بنایا۔ ایک طرف جان بچانے والے ڈاکٹر اور دوسری طرف قانون کے محافظ وکلاء نے لاہور کی سڑکوں پر قانون کی دھجیاں بکھیریں۔ یہ واقعہ انتہائی شرمناک اور وحشت ناک ہے، کئی مریضوں کوجان سے ہاتھ دھونا پڑا، حکومت کا فرض ہے کہ وہ ذمہ داروں کا تعین کرے اور اس بات کی تہہ تک بھی پہنچا جائے کہ ڈاکٹروں اور وکلاء میں کئی روز سے یہ چپقلش چل رہی تھی، اسے اس نہج پر پہنچنے سے پہلے کیوں ختم نہیں کیا جاسکا۔ اس وقت پوری قوم کی ایک ہی آواز ہے کہ اس بربریت کا مظاہرہ کرنے والوں اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے ان بھیانک چہروں کو ناصرف بے نقاب کیا جائے بلکہ انہیں کیفر کردار تک بھی پہنچایا جائے۔ مجلس وحدت مسلمین نے پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کی شدید الظاظ میں مذمت کی ہے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ وکلاء اور ڈاکٹرز دونوں انتہائی قابل احترام اور تعلیم یافتہ افراد کے شعبے ہیں لیکن حالیہ صورتحال پاکستان کی بدنامی کا باعث بن گئی ہے۔ وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید نے پی آئی سی میں وکلاء کی غنڈہ گردی اور زیرعلاج مریضوں سے بدسلوکی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاء کا یہ گھناؤنا طرزعمل دیکھ کر تمام قانون پسندوں کے سر شرم سے جھگ گئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ آج قانون کی بالادستی کے دعویداروں نے قانون کی دھجیاں بکھیر کر رکھی دی ہیں۔ پی آئی سی میں وکلاء کی توڑ پھوڑ کا کوئی جواز نہیں تھا۔ میاں محمود الرشید نے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان سے وکلاء کی بدسلوکی کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس تشدد‘ توڑ پھوڑ اور بدمعاشی سے قانون کے رکھوالوں کا اصل چہرہ سامنے آ گیا ہے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر و سیکرٹری اطلاعات سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پی آئی سی کا واقعہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے ہوا ہے‘ جو قابل مذمت ہے۔ ہنگامے کی وجہ سے زیرعلاج مریضوں کا جاں بحق ہونا افسوسناک ہے۔ قیمتی جانوں کے ضیاع کی ذمہ دار نااہل اور نالائق پنجاب حکومت ہے۔ کئی روز سے لاوا پک رہا تھا۔ غیرسنجیدہ حکومت نے اسے خونی حادثے میں بدل دیا۔

مزیدخبریں