پی آئی سی واقعہ: خصوصی تربیت یافتہ اینٹی رائٹ فورس ، اسکی انٹیلی جنس ناکام

Dec 12, 2019

لاہور(احسان شوکت سے) پنجاب انسٹیٹیوٹ کارڈیالوجی کے باہر وکلاء کے پرتشدد احتجا ج اور توڑ پھوڑ سے محکمہ پولیس کی اینٹی رائٹ فورس کی ناکامی کے علاوہ انٹیلی جنس ونگ کے دعوؤں کی بھی قلعی کھل گئی ہے جبکہ ہسپتال میں ڈاکٹر ز و عملے کی ہڑتال کے موقع پر ایک ڈاکٹر کی وکلاء پر تشدد کے حوالے سے طنزیہ تقریرکی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر جلتی پر تیل کا کام ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق وکلاء کے پی آئی سی کے باہر احتجاج کے دوران صورتحال پرتشدد مظاہرے، توڑپھوڑ، جلاؤگھراؤ اور فائرنگ تک جاپہنچی۔ پولیس نے مشتعل مظاہرین پر قابو پانے کے لئے خصوصی اینٹی رائٹ فورس قائم کی ہے۔ جس کے لئے کروڑوں روپے فنڈز کے علاوہ افسران کو خصوصی طور پر ترکی سے تربیت دلائی گئی اور خصوصی جدید آلات خریدے گئے جبکہ اینٹی رائٹ فورس میں انٹیلی جنس ونگ بھی قائم کیا گیا تاکہ کسی بھی احتجا ج کے موقع پر توڑ پھوڑ، املاک کونقصان پہنچانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے سے روکنے اور مظاہرین پر قابو پانے کے لئے خفیہ معلومات اور ان کی منصوبہ بندی سے بروقت آگاہی حاصل کر سکیںاور پھر ان معلومات کی روشنی میں مظاہرین سے نبٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کی جاسکے۔ مگر گزشتہ روز اینٹی رائٹ فورس کے افسران و اہلکار پی آئی سی کے باہروکلاء احتجاج پر قابو پانے میں بے بس نظرآئے اور اینٹی رائٹ فورس اپنے قیام کے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام نظر آئی ہے۔

مزیدخبریں