اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی نے مسلم لیگ(ن) کو ڈونرز کی تفصیلات پیش کرنے کیلئے23دسمبر تک مہلت دیدی ۔ مسلم لیگ(ن) کی مبینہ فارن فنڈنگ کی تحقیقات کے لئے سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ مسلم لیگ (ن) کے وکیل اور درخواست گزار فرخ حبیب پیش ہوئے ، مسلم لیگ ن ڈونرز کی تفصیلات پیش نہ کر سکی، الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی نے نون لیگ کو ڈونرز کی تفصیلات پیش کرنے کا آخری موقع د یدیا۔ پیپلز پارٹی نے لوکل فنڈنگ کی تحقیقات کے حوالے سے سکروٹنی کمیٹی کا دائرہ اختیار چیلنج کر دیا، پاکستان پیپلز پارٹی کے وکیل نے کہا ہے کہ کمیٹی نے ہم سے لوکل فنڈنگ کا حساب مانگا تو ہم نے یاد کرایا کہ آپ اپنے ٹی او آرز دیکھئے گا ، ہم آپ کو ہر معلومات دینے کے پابند ہیں اور ہر سال قانون کے مطابق معلومات دیتے ہیں، لیکن فرخ حبیب کی شکایت فارن فنڈنگ سے متعلق ہے، پہلے ان سے ثبوت لیں کہ کس بنیاد پر یہ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی فارن فنڈنگ لیتی ہے، پیپلز پارٹی نے ایک روپیہ بھی فارن فنڈنگ کا نہ لیا ہے، نہ اکائونٹ ہے اور نہ کوئی کمپنی ملک سے باہر رجسٹرڈ ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شہباز کھوسہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے لوکل فنڈنگ پر بات کی گئی، کمیشن نے کمیٹی کو جو ٹی او آر کا مینڈیٹ دیا ہے ، وہ یہ تھا کہ آپ فرخ حبیب کی درخواست کو دیکھیں گے کہ کیا ان کی شکایت پر کس حد تک سچائی ہے۔
مسلم لیگ ن ڈونرز کی تفصیلات نہ دے سکی‘ الیکشن کمشن سکروٹنی کمیٹی نے آخری موقع دیدیا
Dec 12, 2019