ملتان، مظفر گڑھ(کرائم رپورٹر، نامہ نگار) وکیل اور عدالتی اہلکار میں جھگڑے کے بعد وکلاء نے جوڈیشل کمپلیکس مظفر گڑھ پر دھاوا بول دیا۔ وکلاء نے جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کی اور عدالتی عملے کو گملے مارے۔ وکلاء نے کمپیوٹر‘ میز‘ کرسی توڑ ڈالی۔ عدالتی ریکارڈ پھاڑ دیا۔ وکلاء کے تشدد سے 2 عدالتی اہلکار زخمی ہو گئے۔ انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حملہ آور وکلاء کی تعداد 30 سے زائد تھی۔لاہور میں وکلا اور ڈاکٹروں میں تصادم کے بعد ملتان اور مظفرگڑھ میں بھی وکلا سڑکوں پر نکل آئے۔ ملتان میں چوک کچہری اور ضلع کچہری کے اندر وکلاء نے شدید احتجاج کیا اور ڈاکٹروں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ڈسٹرکٹ بار ملتان اور مظفر گڑھ نے آج مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا۔