خرطوم (اے پی پی) سوڈان کے معزول صدر عمرحسن البشیر پراسیکیوٹرز کی ایک کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے ہیں جہاں ان سے 1989ء میں منتخب حکومت کے خلاف فوجی بغاوت کرنے کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی وہ اس بغاوت کے نتیجے میں برسراقتدارآئے تھے۔ان کے وکیل محمد الحسن نے بتایا عمرالبشیر کو 1989ء کی فوجی بغاوت کی تحقیقات کے لیے لایا گیا تھا لیکن انھوں نے سماعت میں حصہ نہیں لیا ہے۔وکیل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی نظر میں یہ معاملہ عدالتی نہیں بلکہ سیاسی ہے۔عمر البشیر فوجی بغاوت کے وقت بریگیڈئیر تھے اور انھوں نے اسلامی جماعتوں کی حمایت سے ایک منتخب حکومت کے خلاف علمِ بغاوت بلند کیا تھا اور منتخب وزیراعظم صادق المہدی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھااگر وہ اس کیس میں قصور وار پاتے ہیں تو انھیں سوڈانی قانون کے تحت سزائے موت یا عمر قید کا سامنا ہوسکتا ہے۔