صومالیہ : صدارتی محل کے قریب الشباب کا ہوٹل پر حملہ، فائرنگ، 5شہری ، 5دہشتگرد ہلاک

موغادیشو (اے پی پی) صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے ایک ہوٹل کے احاطے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے5 افراد ہلاک جبکہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں5 دہشت گرد مارے گئے۔ پولیس اور حکومتی حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز دارالحکومت موغادیشو میں صدارتی محل کے قریب ایس وائے ایل ہوٹل کے احاطے میں 5 مسلح افراد نے سکیورٹی گارڈز پر فائرنگ شروع کر دی جس پر سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی اور 7گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلہ میں 5 افراد جاں بحق اور پانچوں حملہ آور ہلاک ہو گئے جبکہ2 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔ حکومت کے ترجمان اسماعیل مختار نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ہوٹل سے شہریوں اور سرکاری حکام سمیت درجنوں افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ حملے کی ذمہ داری الشباب گروپ نے قبول کر لی ہے۔

ای پیپر دی نیشن