لاہور (نیوز رپورٹر+ لیڈی رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عامر مجید نے ملاقات کی جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے '' پنجاب یونیورسٹی میں بابا فر ید اور بابا گرونانک انٹرنیشنل کانفرنس2019ء اور گورنر ہائوس لاہور میں ''بین المذاہب ہم آہنگی و مذہبی آزادی کانفر نس''میں بھی شرکت کی۔ ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عامر مجید کی گورنر ہائوس لاہور میں گورنر چوہدری سرور سے ملاقات کے دوران بارڈر سکیورٹی صورتحال اور امن وامان سمیت دیگر امور پر کے حوالے سے بات چیت کی گئی جبکہ گورنر نے رینجرز افسروں ‘جوانوں کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سر حدوں کی حفاظت اور امن امان کے قیام کیلئے رینجرز کی قر بانیوں پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوتوں نے ہمیشہ اپنے قیمتی لہو سے نئی تاریخ رقم کی ہے اور آج پاکستان ایک پرامن ملک بن چکا ہے الحمدللہ افواج پاکستان اور رینجرز سمیت تمام سیکورٹی ادارے ملک دشمنوں کو منہ توڑ جواب دے رہے ہیں جبکہ گورنر چوہدری محمد سرور نے گورنر ہائوس لاہور میں''بین المذاہب ہم آہنگی و مذہبی آزادی کانفر نس ''میں بھی شر کت کی اس موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم سمیت مختلف ممالک سے آنیوالے وفود بھی شر یک ہوئے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میں تمام ممالک سے آنیوالے وفود کوپاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں اور ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف دنیا میں سب سے زیادہ قر بانیاں دی ہیں اور امن ہمیشہ پاکستان کی پہلی تر جیح رہا ہے۔ گورنر پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج شعبہ پنجابی کے زیراہتمام ’’بابا فرید ،بابا گرو نانک انٹرنیشنل کانفرنس 2019‘‘میں بھی شریک ہوئے اورشر کاء سے اپنے خطاب میں گورنر نے کہا کہ چالیس سال برطانیہ میں رہا بچے وہیں بڑے ہوئے اور میرے بچے آج بھی گھر میں پنجابی بولتے ہیں۔ میں جب گلاسکو میں کونسلر بنا تو پنجابی زبان پر مبنی میلے سجایا کرتا رہا جو مزہ پنجابی زبان بولنے میں آتا ہے کسی اور زبان میں نہیں آتا۔ ہم نے مل کر پنجابی زبان کی ترویج کرنی ہے اور پنجاب یونیورسٹی کو اس کیلئے رول ماڈل بنائیں گے۔