اسلام آباد( خصوصی رپورٹر)پاکستان بار کونسل نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں وکلا کی ہنگامہ آرائی کی مذمت کی ہے اور اس واقعہ کو چند وکلا کی انفرادی کاروائی قرار دیا ہے ۔پاکستان بار کونسل کے وائس چیر مین امجد شاہ نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ یہ چند وکلا کا انفرادی فعل ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں،انہو ں نے کہا کہ پہلے ڈاکٹرز نے وکلا سے بدتمیزی کی جس کے بعد وکلا مشتعل ہوئے،واقعے کی تحقیقات کے لیے وائس چئیرمین پنجاب بارکونسل کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے جو اس کا جائزہ لے گی ،تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔انہو ں نے کہا کہ لاہورہائی کورٹ بار اورلاہور ڈسٹرکٹ بار کے نمائندوں سے رابطہ کرکے انہیں صورتحال کوکنٹرول کرنے کا کہا ہے،ہم ہرطرح کے تشدد کے خلاف ہیں اور اس کی حمایت نہیں کرتے۔