اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)کے الیکٹرک نے کراچی میں پیش آنے والے افسوسناک حادثات سے متعلق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (NEPRA) کے حالیہ فیصلہ پر نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاور یوٹلیٹی اس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد موزوں جواب جمع کروائے گی۔کے الیکٹرک قانون کی پاسداری کرنے والا ذمہ دار ادارہ ہے جو کہ تمام آپریشنز متعلقہ قواعد و ضوابط کے مطابق سرانجام دیتا ہے اور صارفین کو بجلی کی محفوظ اور قابل بھروسہ فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔بہت سے بنیادی اور اہم بیرونی عوامل ایسے ہیں، جو پاورانفراسٹرکچر کیلئے خطرات پیدا کردیتے ہیں۔ان وجوہات میں؛ غیر قانونی کنڈوں کے علاوہ؛ کیبل ٹی وی اور انٹرنیٹ سروس پروائیڈرزکی جانب سے پاور انفراسٹرکچر کا بلااجازت استعمال اور بجلی کی تنصیبات کے گردکھڑا پانی بھی شامل ہے۔یہ تمام عوامل حفاظتی اقدامات کے طریقہ کار کو نظر انداز کرتے ہوئے عوام کے تحفظ کیلئے شدید خطرات کا باعث بنتے ہیں۔کے الیکٹرک سمجھتا ہے کہ ان تمام بیرونی عوامل پر قابو پانے کیلئے،حکام کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔عوامی تحفظ کو لاحق ان خطرات اور ان عوامل کے باعث ہونے والے حادثات میں اضافے کا اعتراف اس پورے خطے میں کیا جاتا ہے۔ لہذا، پاورانفراسٹرکچر سے یہ عوامل ہٹانے کیلئے متعدد مہمات چلائی جاتی ہیں۔ اس کی ایک مثال ان کیبلز کو زیر زمین بچھانے کا عمل ہے۔شدید بارشوں کی وجہ سے شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، لہذا کے الیکٹرک نے اکتوبر 2019 کے دوران، سندھ ہائی کورٹ میں ایک آئینی درخواست دائر کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ اس حوالہ سے جوابدہی کیلئے؛ انٹرنیٹ اور ٹی وی کیبل کے اداروں، شہری انتظامیہ، میونسپل ادارے، اور متعلقہ قانون ساز اداروں کو بھی طلب کیا جائے۔کے الیکٹرک نے اپنے انفراسٹرکچر میں بہتری کے مواقع کی نشاندہی کیلئے ایک مستند تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ذریعے پورے نیٹ ورک کا جائزہ لینے کے عمل کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ بجلی کی محفوظ اور قابل بھروسہ فراہمی کومزید موثر بنایاجا سکے۔ان تحقیقات کے دوران بجلی کے کھمبوں کی گرانڈنگ کرنے اور پاور انفراسٹرکچر سے کیبل ٹی وی اور انٹرنیٹ کیبلز کو ہٹانے کا عمل بھی جاری ہے۔پاور یوٹیلٹی نے کمشنر کراچی اور چیئرمین پیمرا کوبذریعہ خط یہ درخواست کی ہے کہ؛ آئندہ بارشوں سے قبل پانی کی نکاسی کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں،تاکہ پاور یوٹیلٹی بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بناسکے۔
کے الیکٹرک کا نیپرا کے حالیہ فیصلہ پرنظرثانی کی درخواست دائرکرنیکا فیصلہ
Dec 12, 2019