بین الاقوامی ایئر لائن ورجن اٹلانٹک کی پہلی پروازپاکستان پہنچ گئی

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) بین الاقوامی ایئر لائن ورجن اٹلانٹک نے پاکستان کیلئے پروازوں کا آغاز کر دیاہے۔ مانچسٹر سے آنے والی ورجن اٹلانٹک کی پہلی پرواز اسلام آباد ایئرپورٹ پر گذشتہ روز اتری ۔ اس ایئرلائن کی دوسری پرواز کا آغاز مانچسٹر سے لاہور تک ہو گا۔ ورجن اٹلانٹک برطانیہ سے پاکستان تک ہفتہ میں تین پروازیں شروع کرے گی۔ اسلام آباد سے لندن کے ہیتھرو اور مانچسٹر ایئرپورٹ کیلئے پروازیں لاہور سے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کیلئے شروع ہوں گی۔ مانچسٹر سے اسلام آباد پہنچنے والی ورجن اٹلانٹک کی پرواز پاکستان پہنچی۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق اس وقت پاکستانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے تقریبا 16 لاکھ افراد برطانیہ میں مقیم ہیں۔ ورجن اٹلانٹک کی پرواز کاروباری اور تفریحی سفر کی بڑھتی ہوئی طلب کو پوری کرے گی۔ پاکستان کیلئے متعارف کروائی جانے والی پروازوں کیلئے جدید ترین 7879 بوئنگ قسم کے طیارے استعمال کئے جائیں گے۔ مذکورہ ایئر لائن پاکستان تک کارگو سامان کی ترسیل کیلئے بھی استعمال ہو گی۔ ان پروازوں سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات میں بھی استحکام آئے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن